May ۰۸, ۲۰۲۰ ۲۲:۰۰ Asia/Tehran
  • عراق میں نئی حکومت کی تشکیل، علاقائی اور عالمی سطح پر خیر مقدم

عراق میں نئے وزیر اعظم اور ان کی کابینہ نے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا ہے جس کا اندرون ملک اور علاقائی و ‏عالمی سطح پر خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔

عراق کے صدر برھم صالح نے وزیر اعظم مصطفی الکاظمی کی حکومت کو پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کابینہ کی جلد سے جلد تکمیل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

عراق کے سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم عادل عبد المہدی نے بھی پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے پر وزیر اعظم مصطفی الکاظمی اور ان کی کابینہ کے ارکان کو مبارک باد پیش کی ہے۔ انہوں نے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں اور پارلیمانی دھڑوں سے نئی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کی اپیل کی ہے تاکہ ملک کو پیچیدہ صورتحال سے باہر نکالا جاسکے۔

عراقی کردستان ریجن کے صدر مسرور بارزانی نے بھی نئی حکومت کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے نئے وزیر اعظم سے ٹیلی فون پر گفتگو اور مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

علاقائی سطح پر مغربی ایشیا کے ملکوں نے عراق میں نئی حکومت کے قیام کا خیر مقدم کیا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں نئی حکومت کی تشکیل پر عراقی عوام اور پارلیمنٹ کو مبارک باد پیش کی ہے۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ کی طرح عراقی عوام اور ان کی منتخب کردہ حکومت کے ساتھ ساتھ کھڑا ہے۔

سعودی ولی عہد بن سلمان نے نئے عراقی وزیر اعظم سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور انہیں دورۂ ریاض کی دعوت دی ہے۔ سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے بھی  ایک بیان میں عراق کی حمایت اور باہمی احترام کی بنیاد پر نئی عراقی حکومت کے ساتھ تعاون کا اعلان کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے سربراہ شیخ خلیفہ بن زائد آل نہیان نے بھی نئی حکومت کی تشکیل پر عراقی صدر برھم صالح اور وزیر اعظم مصطفی الکاظمی کو مبارک باد پیش کی ہے۔ متحدہ عرب امارات کے نائب اور دبئی کے امیر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم اور ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زائد نے بھی علیحدہ علیحدہ پیغامات کے ذریعے نئی حکومت کی تشکیل پر عراقی صدر برھم صالح اور وزیر اعظم مصطفی الکاظمی کو مبارک باد پیش کی ہے۔

عرب پارلیمنٹ کے سربراہ مشعل بن فہم السلمی نے بھی عراق کو درپیش مشکل صورتحال میں نئی حکومت کی تشکیل کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق کے امن و استحکام کو عرب ملکوں کے امن و استحکام سے الگ نہیں کیا جاسکتا۔

امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے بھی نئے عراقی وزیر اعظم سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کابینہ کی تشکیل کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم مصطفی الکاظمی کے ساتھ عراق کی تازہ ترین صورتحال اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔

عراق میں متعین برطانوی سفیر اسٹیون ہیکی نے بھی کہا ہے کہ ان کا ملک نئی عراقی حکومت کا خیر مقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا لندن کورونا وائرس سے نمٹنے، اقتصادی صورتحال کی بہتری، سلامتی کی بحال اور داعش کے خلاف جنگ میں عراقی حکومت کی حمایت کرے گا۔ 

ٹیگس