Aug ۰۵, ۲۰۲۰ ۱۵:۲۲ Asia/Tehran
  • لبنان کے حکام اور عوام سے ہمدردی کا اظہار

مغربی ایشیا کے مختلف ملکوں کے حکام اور عوام نے بیروت کے المناک سانحے پر لبنان کی حکومت اور قوم سے یکجہتی و ہمددری کا اظہار اور مختلف شعبوں میں اس ملک کی مدد کرنے کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کیا ہے۔

 شام کے صدر بشار اسد نے لبنان کے صدر میشل عون کے نام اپنے ایک پیغام میں اعلان کیا ہے کہ بیروت کی بندرگاہ پر رونما ہونے والا سانحہ اور اس میں ہونے والا جانی نقصان شام کی حکومت اور عوام کے لئے دردناک ہے۔

عراق کے صدر برہم صالح نے بھی اپنے لبنانی ہم منصب سے ٹیلیفون پر گفتگو میں بیروت کے دردناک حادثے پر تعزیت پیش کی۔عراق کے وزیراعظم مصطفی الکاظمی نے بھی ایک پیغام میں لبنان کی حکومت اور قوم سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ موجودہ سخت حالات میں ان کا ملک لبنانی قوم کے ساتھ کھڑا ہے۔عراق کے وزیراعظم نے کہا کہ بغداد اپنی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے طبی امداد کا حامل ایک طیارہ روانہ کر رہا ہے۔

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے بھی لبنان کے صدر میشل عون، وزیراعظم حسان دیاب اور پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری سے ٹیلیفون پر گفتگو میں کہا ہے کہ لبنان نے اس وقت ایک بڑے المناک حادثے کا سامنا کیا ہے اور تحریک حماس، لبنان کی حکومت اور قوم کے ساتھ ہے۔

امیر قطر تمیم بن حمد آل ثانی نے بھی لبنان کے صدر سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہو‏ئے کہا ہے کہ بیروت کے لئے موبائل ہاسپیٹل روانہ کئے جانے کی ہدایات دی دے گئی ہیں۔

دریں اثنا یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے بھی اس دردناک حادثے پر لبنان کی حکومت اور قوم سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

بحرین کی الوفاق قومی اسلامی تحریک کے نائب سیکریٹری جنرل حسین الدیہی نے ایک پیغام میں کہا ہے کہ بحرین کی قوم اس المیے پر لبنان کی حکومت اور قوم سے یکجہتی و ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔

مغربی ایشیا کے عوام نے بھی لبنانی عوام سے یکجہتی و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر "لبنان مضبوط رہے گا" ہیشٹیگ ٹرینڈ کیا ہے۔

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link:10: https://chat.whatsapp.com/I1mQMKzFeYLJ75RCDasv4b

ٹیگس