Dec ۰۲, ۲۰۲۰ ۱۶:۳۲ Asia/Tehran
  • عراق سے امریکی فوجیوں کے انخلاء کا نظام الاوقات تیار کیا جائے: الفتح الائنس

عراق کے الفتح الائنس نے ملک سے امریکی فوجیوں کے انخلاء کا نظام الاوقات مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اس درمیان عراقی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑی کارروائی انجام دی ہے۔

العہد ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عراقی پارلیمنٹ میں الفتح الائنس کے نمائندے مختار الموسوی نے اعلان کیا ہے کہ الفتح الائنس، عراق کے اقتداراعلی کے دفاع اور حمایت میں ملت عراق کے مفادات کے بارے میں ذرہ برابر پس و پیش اور نرمی سے کام نہیں لے گا اور عراق کا اقتدار اعلی اس کی ریڈ لائن ہے۔ الموسوی نے زور دے کر کہا کہ حکومت امریکی فوجیوں کی کہ جو عراق میں غیر قانونی طریقے سے موجود ہیں ، مخالفت میں پارلیمنٹ میں منظور ہونے والے بل پر عمل درآمد کی پابند ہے تاہم عراق سے امریکی فوجیوں کو باہر نکالنے کے سلسلے میں مصطفی الکاظمی کی حکومت ایک طرح کی تساہلی اور سستی سے کام لے رہی ہے ۔

عراق میں حالیہ ہفتوں کے دوران ایک بار پھر ملک سے امریکی فوجیوں کے باہر نکلنے کا موضوع زور شور سے زیر بحث آگیا ہے  ۔ عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی اور امریکی وزیر خارجہ مائک پمپئو کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو میں عراق سے پانچ سو امریکی فوجیوں کے باہر نکلنے پر اتفاق ہوا ہے ۔

عراقی پارلیمنٹ نے پانچ جنوری کو امریکی فوجیوں کے انخلاء کے بل کو منظوری دی تھی اور تقریبا لاکھوں عراقیوں نے جنوری دو ہزار بیس کے آخر میں احتجاجی مظاہرے کر کے عراق سے امریکی فوجیوں کے انخلاء کا مطالبہ کیا تھا۔ دوسری جانب عراق کی رضاکار فورس الحشدالشعبی نے فوج کے ساتھ مل کر صوبہ الانبار میں داعش دہشتگرد گروہ کے باقیات کے خلاف مشترکہ کارروائی انجام دینے کی خبر دی ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراق کی الحشدالشعبی فورس کے بیان میں آیا ہے کہ الحشدالشعبی کی پہلی اور دوسری ریجمنٹ اور عراقی فوج کی تیسری ریجمنٹ نے صوبہ الانبار میں داعش دہشتگردوں کے باقی بچے عناصر کا صفایا کرنے کے لئے   کارروائی انجام دی۔اس بیان میں آیا ہے کہ ان کارروائیوں کے دوران سد مدیسیس ، وادی الضایع ، الکعرۃ ، بنیان سحالی والمناخ علاقوں میں سرچ آپریشن انجام دیا گیا اور داعش کے باقیات کا صفایا کیا گیا۔ درایں اثنا عراق کی فیڈرل پولیس کے انٹیلیجنس یونٹ نے بدھ کو ایک بیان جاری کر کے ملک کے شمال مغربی صوبے نینوا سے دہشتگردوں کے ایک سرغنہ کی گرفتاری کی خبری دی ہے۔

 

ٹیگس