یمنی میزائل نے امریکی جاسوسی ڈرون مار گرایا
یمن کے فوجی ترجمان نے صوبہ مارب میں جاسوسی کے مشن پر آنے والے امریکی ڈرون کو مار گرائے جانے کی خبر دی ہے۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان بریگيڈیر یحیی سریع نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبہ مارب کی فضائی حدود میں سرچ آپریشن میں مصروف امریکہ کے ایک ڈرون کو مار گرایا گیا ہے۔
یحیی سریع نے اس کے ساتھ بتایا کہ جلد ہی امریکہ کے جاسوس طیارے کے مار گرائے جانے کی ویڈیو میڈیا پر جاری کردی جائے گی۔ یحیی سریع کے بیان کے مطابق مذکورہ امریکی ڈرون صوبہ مارب کے شہر صراوح کے علاقے المشجح کی فضائی حدود میں جاسوسی کے مشن پر تھا جسے یمنی جوانوں نے نشانہ بنا کر مار گرایا۔
یحیی سریع نے بتایا ہے کہ اسکن ایگل قسم اس ڈرون کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائیل کے ذریعے ٹارگٹ کیا گيا ہے۔
یمن کے جوانوں نے رواں سال کے مارچ کے مہینے میں بھی ایم کیو 9 کے قسم کے ایک جاسوس ڈرون کو صوبہ مارب میں مار گرایا تھا جس کی ویڈیو بھی میڈیا پر جاری کی گئی تھی۔