Jun ۲۸, ۲۰۲۱ ۱۱:۳۵ Asia/Tehran
  • امریکہ سے انتقام لیا جائے گا: حشد الشعبی

عراق کے کتائب سیدالشهداء نے حشد الشعبی کی چھاونی پر امریکی حملے پر سخت رد عمل دکھاتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد امریکہ کے طیاروں کو نشانہ بنائیں گے۔

صابرین نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراقی استقامتی گروہوں نے پیر کو الحشد الشعبی کے مراکز پر ہونے والے امریکی حملوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے ۔

عراق کےاستقامتی گروہوں نے اپنے مشترکہ اعلامیے میں شام اور عراق کے سرحدی علاقے البوکمال میں عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے مراکز پر امریکی حملے کے بعد اُس کا انتقام لینے کا اعلان کیا ہے۔ استقامتی گروہوں کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہم عراقی آئین، پارلیمنٹ کے فیصلے اور ملت عراق کے مطالبات کے منافی ملک میں امریکی فوجیوں کی غاصبانہ موجودگی پر ہرگزخاموش نہیں بیٹھیں گے۔

استقامتی گروہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ غاصب امریکی فوج، الحشد الشعبی کے مراکز پر حملہ کرکے اپنے جرائم کو جاری رکھے ہوئے ہے اور اس حملے کے ذمہ داروں اور مجرموں سے شہداء کے خون کا انتقام ضرور لیا جائے گا اور دشمن کو انتقام کا تلخ مزہ ضرور چکھنا پڑے گا۔

عراق کے کتائب سید الشہداء استقامتی گروہ نے بھی اس سے پہلے اعلان کیا تھا کہ اس حملے کے بعد امریکی غاصبوں کے خلاف ہماری جنگ محدود نہیں رہے گی اور اس جنگ میں پہلا قدم عراقی فضائی حدود میں دشمن کے ڈرون طیاروں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

عراقی کے الفتح سیاسی الائنس نے بھی عراق و شام کے سرحدی علاقے میں رضاکار فورس الحشد الشعبی کی چھاؤنی پر امریکی دہشتگردوں کے حملے کو عوام فورسز کے بالمقابل امریکہ کی عاجزی اور ناکامی قرار دیا۔ الفتح الائنس کے ترجمان احمد الاسدی نے کہا کہ کتائب سید الشہداء کی چودہویں بٹالین میں الحشد الشعبی کے مجاہدین پر امریکہ کے جنگی طیاروں کا ظالمانہ حملہ، الحشد الشعبی کی حالیہ پریڈ کے بعد اس کو کمزور کرنے کے حوالے سے امریکہ کی مایوسی کی دلیل ہے اور اس سے ثابت ہو گیا کہ الحشد الشعبی ملت عراق کے دشمنوں کے خلاف عراق کی سرکاری دفاعی فوج ہے۔

احمد الاسدی نے مزید کہا کہ اس حملے میں بہنے والا خون، ہر جارح اور ظالم کے خلاف عراقیوں کے غم و غصے میں تبدیل ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ امریکی دہشتگردوں نے اتوار اور پیر کی درمیانی رات  عراق اور شام کے سرحدی علاقے بو کمال میں عراق کی رضاکار فورس حشد الشعبی کی چھاونی پر فضائی حملہ کیا جس میں حشد الشعبی کے چار جوان شہید اور تین زخمی ہو گئے۔

ٹیگس