Jul ۱۰, ۲۰۲۱ ۱۹:۰۰ Asia/Tehran
  • یمن میں امریکہ کی ریشہ دوانیوں کے باوجود یمنی فورسز نے الزاہر شہر کو آزاد کرالیا

یمن کی مسلح افواج نے یمن کے وسطی صوبے البیضا میں داعش اور القاعدہ دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے الزاہر نامی علاقے کو آزاد کرا لیا۔

العالم کی رپورٹ کے مطابق یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے صوبے البیضا میں دہشت گرد عناصر کے خلاف شدید کاروائی کرتے ہوئے ان تکفیری عناصر کو بھاری نقصان پہنچایا اور کئی علاقوں کو ان کے قبضے سے آزاد کرا لیا۔

یمن کی مسلح افواج کے ایک آپریشنل کمانڈر ابومحمد نے کہا ہے کہ آزاد شدہ علاقوں سے دہشت گرد عناصر کا مکمل طور پر صفایا کر دیا گیا اور کچھ عناصر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔ اس کمانڈر کا کہنا ہے کہ یمن میں موجود دہشت گرد عناصر کے پاس ملک سے فرار کا کوئی راستہ نہیں اور ان عناصر کے خلاف کاروائی کر کے ان کا قلع قمع کر دیا جائے گا۔

ابو محمد کا کہنا تھا کہ یمنی افواج آخری دم تک اپنے ملک کی سرحدوں کا دفاع کرتی رہیں گی۔ انھوں نے بتایا کہ یمن کی مسلح افواج کی مختلف کاروائیوں میں اب تک القاعدہ اور داعش کے درجنوں دہشت گرد عناصر ہلاک ہو چکے ہیں جن میں ان کے کئی سرغنہ بھی شامل ہیں۔ یمن میں دہشت گرد عناصر کو ایسی حالت میں شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کہ سعودی اتحاد کی فضائیہ کی جانب سے ان دہشت گردوں کی بھرپور مدد و حمایت کی جا رہی ہے۔

دریں اثنا یمن کے نائـب وزیر خارجہ حسین العزی کا کہنا ہے کہ یمن میں داعش اور القاعدہ عناصر کو بدترین شکست ہوئی ہے اور صوبے البیضا میں ان کے کئی ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا۔

دوسری جانب یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن سلطان السامعی نے کہا ہے کہ یمن میں امریکہ کی شکست کے بعد اس نے صوبے البیضا میں جنگ کی آگ کے شعلے بھڑکا دیئے ہیں اور یہاں بھی اسے شکست کا ہی سامنا کرنا پڑے گا۔

انھوں نے کہا کہ صنعا سمیت یمن کے مختلف علاقوں میں ملک کی مسلح افواج کو ملنے والی کامیابیوں سے امریکہ اور سعودی اتحاد بوکھلایا ہوا ہے اور انہوں نے صوبے البیضا میں بڑی تعداد میں داعش اور القاعدہ کے دہشت گردوں کو منتقل کر دیا ہے تاکہ سعودی اتحاد کو ان کی مدد حاصل ہو سکے۔

السامعی کا کہنا ہے کہ امریکہ مختلف قسم کی تجاویز اور پیشکش کر کے اپنے مطالبات بھی مسلط کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ صوبے البیضا میں تکفیریوں کو ایسی حالت میں شکست کا سامنا ہے کہ حال ہی میں سعودی اتحاد کو صوبے مآرب میں پے درپے شکست و ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اسی شکست کے بعد امریکہ اور سعودی اتحاد نے تکفیری دہشت گردوں کو البیضا منتقل کیا ہے تاکہ جنگ کا رخ تبدیل کیا جا سکے۔

پریس ذرائع نے بھی اعلان کیا ہے کہ یمن میں سعودی اتحاد کے آلہ کار عناصر کی ناکامیوں کے بعد یمن کے مختلف علاقوں اور خاص طور سے البیضا میں بھاری تعداد میں دہشت گردوں کو منتقل کیا گیا ہے تاکہ یمنی عوام اور یمن کی عوامی رضاکار فورس کے خلاف ان دہشت گردوں کو استعمال کیا جا سکے۔

ٹیگس