Oct ۱۵, ۲۰۲۱ ۰۸:۱۲ Asia/Tehran
  • لبنان میں عام سوگ، تمام کاروباری مراکز بند

لبنان کی حکومت نے ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 7 افراد کی شہادت اور 60 کے زخمی ہونے پر آج جمعہ کے روز اس ملک میں عام سوگ کا اعلان کیا ہے۔

لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی نے کل رات اعلان کیا کہ لبنانی شہریوں کی شہادت پر آج جمعہ کے روز لبنان میں عام سوگ ہے۔ تمام کاروباری مراکز ،سرکاری ادارے اور اسکول بند رہیں گے۔

لبنان میں پرامن مظاہرین پر کل نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ میں کم سے کم 7 افراد شہید اور 60 زخمی ہو گئے۔

فائرنگ کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب حزب اللہ اور تحریک امل کے سیکڑوں حامی، بیروت دھماکوں کی تحقیقات کرنے والی عدالت کے جج طارق بیطار کی ناقص کارکردگی کے خلاف پر امن احتجاج کے لیے جمع تھے۔

لبنانی ذرائع نے بتایا ہے کہ مظاہرین پر فائرنگ نامعلوم نشانہ بازوں نے کی جو اطراف کی عمارتوں پر پہلے سے چھپے ہوئے تھے۔ بعض خبروں میں کہا گیا ہے کہ لبنانی سیکورٹی فورس نے مسلح حملہ آوروں میں سے بعض کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔

اطلاعات ہیں کہ لبنانی فوج نے الشیاح اور عین الرمانہ جیسے علاقوں میں پوزیشن سنھبال لی ہے اور مسلح افراد کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

حزب اللہ لبنان نے ایک بیان جاری کرکے اپنے حامیوں سے صبر و تحمل سے کام لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فتنہ و فساد سے دور رہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حملے کا مقصد ملک کے مختلف سیاسی دھڑوں کو آپس میں الجھانا ہے۔

ٹیگس