Jan ۰۷, ۲۰۲۲ ۱۴:۲۹ Asia/Tehran
  • صیہونی جارحیتوں کے مقابلے میں ڈٹے رہیں گے : حماس

فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریک حماس نے اعلان کیا ہے کہ اسلامی استقامتی گروہ غرب اردن میں صیہونی حکومت کے جرائم و جارحیتوں کا ہاتھ باندھ کر تماشہ نہیں دیکھتے رہیں گے

تحریک حماس نے غرب اردن میں  صیہونی کالونیوں کی تعمیر اور صیہونی حکومت کے جرائم و جارحیتوں کے سلسلے میں ایک بیان جاری کیا ہے

 تحریک حماس نے اپنے اس بیان میں مقبوضہ زمینوں پرنئی صیہونی کالونیوں کی تعمیر کے لئے صیہونی حکومت کے حالیہ فیصلے کو کھلی جارحیت قراردیا ہے

 تحریک حماس نے اپنے  بیان میں غرب اردن میں انتہاپسند صیہونیوں کے جارحانہ حملوں کا سلسلہ جاری رہنے کے خطرناک نتائج سامنے آنے کے بارے میں صیہونی حکام کو خبردار کرتے ہوئے زور دے کر کہا ہے کہ استقامتی گروہ غرب اردن میں صیہونیوں کے جرائم و جارحیتوں کا ہاتھ باندھے تماشا نہیں دیکھتے رہیں گے ۔

کچھ دنوں پہلے بھی فلسطینی استقامتی گروہوں نے ایک بیان میں غرب اردن اور مقبوضہ بیت المقدس میں صیہونی حکومت کے حالیہ جرائم اور صیہونی کالونیوں کی تعمیرکی سخت مذمت کی تھی اور کہا تھا کہ ملت فلسطین کے خلاف صیہونی حکومت کے اس سطح کے خطرناک جرائم کا تقاضا  ہے کہ ان کا منہ توڑ جواب دیا جائے

 دوسری جانب تحریک جہاد اسلامی کے ترجمان نے دو فلسطینی نوجوانوں کی شہادت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملت فلسطین کے خلاف صیہونی انتہاپسندوں اورغاصبوں کے جرائم کا جواب ضرور دیا جائے گا۔

 غرب اردن میں جہاد اسلامی فلسطین کے ترجمان طارق عزالدین نے صیہونیوں کے ہاتھوں دو فلسطینی نوجوانوں کی شہادت پرتعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مختلف قسم کی استقامت منجملہ مسلح جدوجہد غاصب صیہونیوں کے جرائم کا فطری اور صحیح جواب ہے

 جمعرات کی صبح صیہونی فوجیوں نے شمالی غرب اردن کے جنوبی نابلس میں واقع بلاطہ کیمپ میں اکیس سالہ فلسطینی نوجوان بکیر حشاش کو شہید کردیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی مصطفی یاسین فطنہ نامی ایک اور فلسطینی نوجوان پرمغربی غرب اردن کے صفا دیہات میں اس وقت گاڑی چڑھا دی اورشہید کردیا جب وہ اپنے کام پر جا رہا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ صیہونی حکام نے مقبوضہ بیت المقدس کو یہودیت کا رنگ دینے کی پالیسیوں کو آگے بڑھاتے ہوئے ایک نیا منصوبہ پاس کیا ہے ۔ اس منصوبے کی بنیاد پر صیہونی انتہاپسندوں کے لئے تین ہزارپانچ سو سے زیادہ رہائشی مکانات تعمیرکئے جائیں گے۔

 یہ ایسی حالت میں ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے تیئیس دسمبر دوہزارسولہ کو ایک قرارداد منظورکرکے صیہونی حکومت سے مقبوضہ فلسطین میں صیہونی کالونیوں کی تعمیر کے حوالے سے تمام سرگرمیاں فورا بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹیگس