Feb ۱۳, ۲۰۲۲ ۱۷:۳۲ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

فلسطین کی تحریک حماس نے مقبوضہ بیت المقدس میں صیہونی غاصبوں کے خلاف ہوئی ایک شہادت پسندانہ کاروائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے صیہونیوں کی جارحیت کا فطری جواب قرار دیا ہے۔

مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے شیخ جراح پر صیہونی آباد کاروں نے ہفتے کی رات حملہ کیا جس کے بعد فلسطینی شہریوں نے مزاحمتی کاروائی انجام دے کر ایک صیہونی آباد کار کو اپنی گاڑی سے ٹکر مار کر زخمی کر دیا۔

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان خالد الازبط نے اتوار کے روز کہا ہے کہ صیہونی غاصبوں کے مقابلے میں فلسطینی بہادر کا جرأتمندانہ اقدام غاصب دشمن کی جارحیت کے جواب میں ایک فطری اقدام ہے۔ انھوں نے صیہونی فوج کے حمایت یافتہ صیہونی آباد کاروں کی جارحیت کی شدید مذمت کی اور کہا کہ شیخ جراح میں فلسطینی مظلوموں پر غاصب صیہونی آبادکاروں کے اس قسم کے حملے صیہونی غاصبوں کے مقابلے میں فلسطینیوں کے مزید فطری جذبات بھڑک اٹھنے کا باعث بنیں گے۔ الازبط نے بیت المقدس اور مقبوضہ فلسطین کے فلسطینیوں سے بھی شیخ جراح کے باشندوں کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہونے کی اپیل کی۔

دوسری جانب جنوبی مقبوضہ فلسطین کے علاقے النقب کے فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے سازشی منصوبوں کے بعد مقبوضہ بیت المقدس کے فلسطینیوں نے بھی اس علاقے کے باشندوں سے یکجہتی کا اعلان کیا ہے۔ غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے گذشتہ کچھ عرصے کے دوران النقب کے مختلف قصبوں ور دیہی بستیوں کو جارحیت کا نشانہ بناتے ہوئے گیارہ ہزار فلسطینی مکانات کو مسمار کر دیا ہے۔

فلسطین کی اعلی اسلامی کمیٹی کے سربراہ شیخ عکرمہ، فلسطین کی قومی ایکشن کمیٹی کے متعدد اراکین اور بیت المقدس کے سرگرم عمل سیاسی کارکنوں نے بیت المقدس کے فلسطینیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے النقب کا دورہ کیا تاکہ فلسطینیوں کے اتحاد کو مضبوط بناتے ہوئے بیت المقدس کے تشخص کو یہودی یہودی رنگ دینے کے لئے غاصب صیہونیوں کے ناپاک منصوبوں کے مقابلے میں ویاں کے باشندوں کی بھرپور حمایت کریں۔

بیت المقدس کی قومی ایکشن کمیٹی کے رکن راسم عبیدات نے کہا ہے کہ یہ اقدام بہت اہم ہے جس کے تحت بیت المقدس، غرب اردن، النقب اور سن انیس و اڑتالیس کے مقبوضہ علاقوں میں فلسطینیوں کی حمایت اور ان کو متحد کرنے میں بہت مدد ملے گی۔ النقب کے عرب باشندوں کی اعلی رہنما کمیٹی کے انچارج جمعہ زبارقہ نے بھی اعلان کیا ہے کہ سرزمین فلسطین کا مسئلہ ہمارے لئے فلسطینیوں کے وجود کا مسئلہ ہے یعنی ہم بھی فلسطینیوں کا حصہ ہیں اور ہم اپنی استقامت جاری رکھیں گے۔

غاصب صیہونی دہشتگردوں نے حالیہ سات برسوں کے دوران فلسطینیوں کے گیارہ ہزار مکانات مسمار کئے ہیں مگر کوئی بھی فلسطینی وہاں سے چھوڑ کر نہیں گیا ہے۔

واضح رہے کہ غاصب صیہونی حکومت فلسطینیوں کے مکانات مسمار اور انکے علاقوں میں صیہونی بستیاں قائم کر کے ان کی آبادی کا نقشہ تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ ان علاقوں کو صیہونیوں کے علاقوں میں تبدیل کیا جا سکے۔

ٹیگس