Feb ۱۷, ۲۰۲۲ ۱۱:۰۴ Asia/Tehran
  • اسرائیل سے تعلقات کی بحالی بہت بڑی غلطی ہے، منامہ کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا: حزب اللہ

حزب اللہ لبنان نے بحرین کے اسرائیل سے تعلقات بحال کرنے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بہت بڑے جرم اور غلطی سے تعبیر کیا ہے۔

حزب اللہ لبنان کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے بحرین نے اسرائیلی حکومت سے تعلقات بحال کرکے بہت بڑا جرم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہی حکومت کو جلد ہی اندازہ ہو جائے گا کہ تعلقات کی بحالی سے صرف تل ابیب کو فائدہ پہونچے گا۔

بدھ کے روز بیروت میں ایک تقریب میں شیخ نعیم قاسم نے صیہونی وزیر اعظم نفتالی بینت کے حالیہ منامہ دورے کو بحرینی رہنماؤں کے غداری سے تعبیر کیا۔

انہوں نے کہا: ”اگر وہ سوچتے ہیں کہ تعلقات کی بحالی، عوام اور انکے ضایع شدہ حقوق کے تعلق سے انکی ذمہ داریوں کو انجام نہ دینے کے نتائج سے ان کو محفوظ بنا لے گی، تو یہ انکی بھول ہے اور اگر وہ یہ سمجھتے ہیں کہ اسرائیل انہیں کچھ دینے کی پیشکش کرے گا، تو وہ غلطی پر ہیں۔ “

شیخ نعیم قاسم نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ بحرین نے خود ساختہ غاصب صیہونی ریاست سے تعلقات بحال کر کے بہت بڑا جرم کیا ہے، کہا کہ منامہ حکومت اور خلیج فارس کے دوسرے ممالک جو اسرائیل سے تعلقات کی بحالی چاہتے ہیں، انہیں جلد ہی ہونے والے بڑے نقصان کا اندازہ ہو جائے گا اور وہ جلد ہی سمجھ جائیں گے کہ اپنے عوام کے اعتماد اور اپنے ضمیر سمیت سب کچھ  گنوا چکے ہیں۔

 

ٹیگس