اسرائیل کے اتحاد میں شامل ہوا سعودی عرب، اسرائیلی میڈیا کا انکشاف
خودکش اور بمبار ڈرون طیاروں کا مقابلہ کرنے کے لئے صیہونی حکومت نے سعودی عرب اور عرب امارات کے ساتھ مل کر ایک اتحاد تشکیل دے دیا ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق خودساختہ صیہونی حکومت کے چینل بارہ نے رپورٹ دی ہے کہ دفاعی اتحاد کے نام سے اسرائیل کی سربراہی میں ایک اتحاد تشکیل پایا ہے جو خودکش ڈرون طیاروں کے خطروں کا مقابلہ کرے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس اتحاد میں اسرائیل اور سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت کچھ علاقائی ممالک ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ اتحاد کچھ دن پہلے ہی ڈرون طیاروں کی شناخت اور ان کو انٹر سپٹ کرنے کے لئے صیہونی حکومت کی توانائی اور طاقت کے استعمال کے مقصد سے قائم ہو چکا ہے۔ خیال رہے کہ دو روز قبل ابوظہبی میں ڈرون خطروں کے بارے میں ایک خصوصی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا اور متحدہ عرب امارات نے اس کانفرنس میں اتحادی ممالک کے فوجوں سے ڈرون طیاروں کے خطروں کے مقابلے میں شیلڈ بنانے کی کوشش کرنے کی اپیل کی تھی۔
اُدھر اطلاعات ہیں کہ یمن کے ڈرون حملوں سے سکتے میں آئے متحدہ عرب امارات نے ملک میں ڈرون طیاروں کی پرواز پر عائد پابندی کی مدت میں توسیع کر دی ہے۔ عرب امارات کی وزارت داخلہ نے پیر کے روز ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ ملک میں ڈرون طیاروں کی پروازوں پر عائد پابندی بدستور باقی ہے۔