یوکرین کی صورتحال، عرب ممالک کیلئے درس عبرت ہے: حزب الله
حزب الله کے رہنما نے یوکرین کی صورتحال کو امریکہ کے حامیوں اور اسرائیل کے ساتھ روابط برقرار کرنے والے عرب ممالک کیلئے عبرت کا باعث قرار دیا ہے۔
الجدید کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی عوامی اور انقلابی تحریک حزب الله کی مرکزی کونسل کے رکن شیخ نبیل قاووق نے کہا ہے کہ استقامت کی طاقت و توانائی میں اضافہ ہوا ہے اور اس وقت اس کی پوزیشن نمایاں ہے اور حسان ڈرون نے دشمن کو متحیر کردیا تھا۔
انہوں نے یوکرین کی صورتحال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ لبنان میں امریکہ کے آلہ کاروں کو یوکرین کی صورتحال سے عبرت حاصل کر لینی چاہئیے اس لئے کہ امریکہ اپنے حامیوں اور آلہ کاروں کو جنگ شروع کرنے کیلئے ورغلاتا ہے اور جب جنگ چھڑ جاتی ہے تو پھر دور سے اس کا نظارہ کرنے لگتا ہے اور انھیں ان کے حال پر چھوڑ دیتا ہے۔
واضح رہے کہ یوکرین کی حمایت کے دعویدار امریکہ اور یورپی ملکوں نے یوکرین پر روس کے حملے کے بعد اسے میدان جنگ میں تنہا چھوڑ دیا اور یہ اعلان کیا کہ وہ وہ کسی بھی طور روس کے خلاف جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے۔ مغربی ممالک کے اس منافقانہ رویے پر یوکرین کے صدر ولودیمیر زلنسکی نے کڑی نکتہ چینی کی ہے۔