Jun ۰۶, ۲۰۲۲ ۰۹:۵۸ Asia/Tehran
  • اہانتِ رسول (ص) پر عالم اسلام میں شدید غم وغصہ، او آئی سی کی مذمت

بھارتیہ جنتا پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کی جانب سے پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کی شان اقدس میں گستاخی پر عرب ممالک نے شدید غم وغصے کا اظہار کیا ہے اور او آئی سی نے اس کی مذمت کی ہے۔

سحر نیوز/ہندوستان: بی جے پی کے مرکزی رہنماؤں کے ان گستاخانہ بیانات پر ایران اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں شدید احتجاج جاری ہے۔ مصر، سعودی عرب، قطر، بحرین اور کویت میں بائیکاٹ انڈیا کی مہم چل پڑی ہے اور ہندوستان سے درآمد شدہ اشیاء استعمال نہ کرنے کی اپیل کی جا رہی ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم نے بی جے پی کے مرکزی رہنماؤں کے ان گستاخانہ بیانات پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف اس قسم کے توہیں آمیز بیانات ایک منظم طریقے سے سامنے آ رہے ہیں اور وہاں کبھی حجاب کے مسئلے کو اٹھایا جاتا ہے تو بھی مسلمانوں پر تشدد کیا جاتا ہے اور پھر اسلامی مقدسات کی توہین کی جاتی ہے۔

قطر نے دوحہ میں ہندوستانی سفیر دیپک متّل کو طلب کرکے بی جے پی ترجمان کی جانب سے گستاخانہ بیان پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے اور کہا کہ ہندوستان میں اسلام اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر گستاخانہ بیانات دیکر منظم انداز میں نفرت پھیلائی جا رہی ہے، جو دو ارب مسلمانوں کی توہین ہے۔

کویت کی حکومت نے اس ملک میں تعینات ہندوستانی سفیر کو طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے جی جے پی کی ترجمان اور میڈیا سیل کے ہیڈ کے گستاخانہ اور توہین آمیز بیانات کی مذمت کی۔

دوسری جانب ایران نے بھی دارالحکومت تہران میں تعینات ہندوستانی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے بی جے پی رہنماؤں کی جانب سے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی پر شدید احتجاج کیا۔

عمان کے مفتی اعظم شیخ احمد بن حماد الخلیل نے بھی ہندوستانی مصنوعات کے بائیکاٹ کا حکم جاری کیا ہے۔ اس سے قبل فروری میں وہ ہندوستان کو مسلمانوں کے خلاف مظالم پر خبردار بھی کر چکے ہیں۔

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کی جانب سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی مرکزی ترجمان نپور شرما کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔ صدر پاکستان نے کہا کہ توہین آمیز اور متنازعہ بیانات سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اور ایسے متنازعہ بیانات ہندوستان میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے عکاس ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ محض پارٹی عہدیداروں کو معطل کرنا اور نکال دینا کافی نہیں، بی جے پی کو اپنے انتہا پسند اور فاشسٹ ہندوتوا نظریے سے کنارہ کشی اختیار کرنا ہوگی۔

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ہمارے پیارے نبی اکرم (ص) کی ذات پاک کے بارے میں بی جے پی رہنما کے بیان کی شدید مذمت کرتا ہوں جس سے ہم سب مسلمانوں کے دل زخمی ہوئے ہیں۔

وزیر اعظم نے واضح کیا کہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہِ وسلم  کے  لئے ہماری محبت، ہر چیز پر مقدم ہے اور آقا کریم (ص) کی محبت اور ان کی ناموس کے لئے ہر مسلمان اپنی جان قربان کرنے کو تیار ہے۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق بی جے پی نے شدید ردعمل کے بعد پارٹی ترجمان نوپور شرما کی بنیادی رکنیت معطل کردی ہے، اس کے علاوہ نئی دہلی میں بی جے پی کے میڈیا ہیڈ نوین جندال کو بھی گستاخانہ ٹوئٹ پر پارٹی کی بنیادی رکنیت سے معطل کردیا گیا ہے۔

ٹیگس