Jun ۱۱, ۲۰۲۲ ۱۴:۲۴ Asia/Tehran
  • یمن میں جنگ بندی کی خلاف ورزی

یمن کے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ جارح سعودی اتحاد نے ایک بار پھر جنگ بندی کی ایک سو بیالیس بار خلاف ورزی کی ہے۔

یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سبا کی رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد نے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران جنگ بندی کی ایک سو بیالیس بار خلاف ورزی کی اور یمن کے مختلف علاقوں کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا۔

سعودی اتحاد کے اپاچی ہیلی کاپٹروں نے نجران کی فضا میں سینتیس بار پروازیں کیں جبکہ یمن کے مختلف صوبوں منجملہ تعز، حجہ، الجوف، صعدہ، الضالع اور مختلف دیگر علاقوں میں جاسوسی کی پروازیں انجام دیں اور مختلف علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا۔
جارح سعودی اتحاد نے اسی طرح الکدحہ کے علاقے میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی اور صوبے مآرب، حجہ، تعز، صعدہ اور مختلف علاقوں پر بتیس بار گولہ باری کی اور اس طرح مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔
جارح سعودی اتحاد نے اسی طرح یمن کے مختلف صوبوں میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ٹھکانوں کے علاوہ یمنی شہریوں کو بھی فائرنگ گا نشانہ بنایا اور اس قسم کی کارروائیاں چوہتر بار انجام دیں۔
دریں اثنا یمن کے مختلف علاقوں میں بارودی سرنگوں کے دھماکوں میں کم سے کم تین افراد جاں بحق اور اٹھارہ دیگر زخمی ہوگئے 
یہ ایسی حالت میں ہے کہ یمن میں بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے والے مرکز نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ جون کے پہلے ہفتے میں بارودی سرنگوں اور باقی بچے دھماکہ خیز مواد کے پھٹنے کے نتیجے میں متعدد یمنی شہری شہید ہوئے، یہ ایسے میں ہے کہ سعودی عرب کی توقعات کے برخلاف، سات سال سے جاری اس جنگ میں اسے یمنی عوام کی مزاحمت کا سامنا ہے اور اس دوران اسکی اہم اقتصادی تنصیبات پر یمنی فوج کے جوابی حملوں نے طاقت کا توازن تبدیل کردیا ہے۔
سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی سات سالہ جنگ کے دوران ہزاروں یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ چالیس لاکھ لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
سعودی جارحیت کے نتیجے میں یمن کا پچاسی فیصد بنیادی ڈھانچہ بھی تباہ ہوگیا ہے، اسکے علاوہ اس ملک کو شدید غذائی بحران کا سامنا ہے۔

جارح سعودی اتحاد کے مجرمانہ اور وحشیانہ حملوں پر عالمی برادری کی خاموشی بھی مجرمانہ ہے اور یمنی حکام کا کہنا ہے کہ بے گناہ یمنی شہریوں کے قتل عام میں امریکا اور اس کے اتحادی بھی برابر کے شریک ہیں - یمنی حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اس جنگ میں امریکا سعودی اور اس کے اتحادیوں کو ہر حال میں شکست ہوگی ۔

ٹیگس