الحدیدہ میں سعودی اتحاد کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی
جارح سعودی اتحاد نے مغربی یمن کے صوبے الحدیدہ میں ایک بار پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔
جارح سعودی اتحاد نے مغربی یمن کے صوبے الحدیدہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹے میں جنگ بندی کی پینتالیس بار خلاف ورزی کی اور الحدیدہ کے ساتھ ساتھ یمن کے مختلف علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا۔
سعودی اتحاد نے حیس کے علاقے میں اپنی فوجی پوزیشن کو مضبوط بناتے ہوئے ڈرون حملے بھی کئے۔ رپورٹ کے مطابق سعودی اتحاد نے حیس، مقبنہ اور الجبلیہ میں جاسوسی کی پروازیں انجام دیں، ڈرون حملے کئے گولہ باری کی اور مختلف ہتھیاروں سے یمنی عوام گولیاں گولے برسائے۔
یمن کے پارلیمانی اراکین نے جنوبی یمن کے مقبوضہ شہروں میں سعودی اتحاد کے جرائم کی شدید مذمت کی ہے۔ المسیرہ ٹی وی نے بھی رپورٹ دی ہے کہ یمن کے پارلیمانی اراکین نے ایک بیان میں جنوبی یمن کے مقبوضہ شہروں میں سعودی اتحاد کے جرائم کی شدید مذمت کی ہے اور ان جرائم کو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے جن کے نتیجے میں یمنی عوام کے لئے مسائل و مشکلات میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
سعودی اتحاد نے جنگ بندی کے اسٹاک ہوم سمجھوتے کے باوجود یمن کے مختلف صوبوں میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ٹھکانوں کے علاوہ یمنی شہریوں کو بھی فائرنگ گا نشانہ بنایا۔
سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی سات سالہ جنگ کے دوران ہزاروں یمنی شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں جبکہ چالیس لاکھ لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔