غرب اردن میں فلسطینی نوجوان شہید، 2 اسرائیلی پولیس اہلکار زخمی
میڈیا ذرائع نے غرب اردن میں صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں ایک فلسطینی نوجوان کی شہادت کی خبر دی ہے۔ دوسری جانب صیہونی حکومت اور غاصب آبادکاروں کے مسلسل جارحانہ اقدامات اور من مانیوں سے تنگ آئے فلسطینی جوانوں نے صیہونی فوجیوں پر فائرنگ کرکے انہیں سخت خبردار کیا ہے۔
مھر حبر رسان ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق 32 سالہ فلسطینی نوجوان احمد حرب عیاد صیہونی فوجیوں کی فائرنگ سے شہید ہو گیا جبکہ ایک فلسطینی نوجوان زخمی ہوا۔
دوسری جانب صیہونی دہشتگرد فورسز کی فلسطینیوں کے ساتھ ہونے والی جھڑپ میں 2 صیہونی پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
ستر برسوں سے زائد عرصے سے فلسطین کے مظلوم عوام کے بنیادی اور فطری حقوق کو روندنے پر مصر غاصب صیہونی حکومت اب تک لاتعداد انسانیت سوز جرائم کا ارتکاب کر چکی ہے جس میں قتل و غارت، مکانات کی مسماری، باغات اور زرعی اراضی کی تباہی، ناجائز قبضہ، گرفتاری، ظلم و بربریت، جسمانی ایذائیں، اقتصادی محاصرہ اور دیگر بہت سے اعصاب شکن اقدامات شامل ہیں۔
مقبوضہ فلسطین میں رہائش پذیر فلسطینی عوام اب تک بارہا مزاحمتی کارروائیاں انجام دے کر غاصب صیہونی حکومت کو خبردار کر چکے ہیں اور ان کے درمیان اب مسلحانہ مزاحمت کا چلن بڑھتا جا رہا ہے۔
فلسطینی خبررساں ایجنسی شہاب کے مطابق منگل کی شام ایک کار میں سوار فلسطینی جوانوں نے غاصب صیہونی فوجیوں کی جانب فائرنگ کی۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ واقعہ نابلس شہر کی ہمیش چیک پوسٹ پر پیش آیا۔ فائرنگ کے اس واقعے کے بعد غاصب صیہونی فوجیوں نے علاقے کو اپنے گھیرے میں لے لیا تاکہ شاید فائرنگ کرکے فرار میں کامیاب ہونے والے فلسطینی جوانوں کو گرفتار کیا جاسکے۔
اُدھر مقبوضہ فلسطین کے علاقے حجہ کے قریب مسعودیہ چوکی سے بھی خبر ہے کہ وہاں بھی فلسطینی جوانوں نے صیہونی فوجیوں کو حملہ کیا ہے۔ اس حملوں میں ممکنہ طور پر ہوئے جانی نقصان کی خبر ابھی منظر عام پر نہیں آئی ہے۔