تہران میں پاکستانی چاول کا فیسٹیول
ایران و پاکستان کے مابین تجارت و اقتصاد کے شعبے میں وسیع گنجائشوں کے پیش نظر باہمی تعاون روز بروز بڑھتا جا رہا ہے۔ اسی تناظر میں گزشتہ روز تہران میں پاکستانی چاول کے ایک فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔
تہران میں پاکستان کے سفارتخانے نے رائس ایکسپورٹرز ایسو سیئیشن آف پاکستان (ریپ) کے تعاون سے پاکستانی چاول کے ایک فیسٹیول کا انعقاد کیا۔ تہران کے اسپیناس گرینڈ ہوٹل میں منعقد ہوئے اس فیسٹیول میں ایران کے سرکاری حکام، پاکستان کے سفارتکار، چاول درآمد کرنے والے ایرانی تاجر اور پاکستان کی تاجر برادری سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے۔
اس موقع پر ایران کی وزارت برائے زرعی جہاد میں شعبہ بین الاقوامی امور کے ڈائریکٹر جنرل ہومن فتحی نے چاول کے پاکستانی برآمد کنندگان کا خیرمقدم کیا۔
فیسٹیول کی خصوصی تقریب میں پاکستانی چاول برآمد کرنے والوں کی تنظیم کے سربراہ علی حسام اصغر نے چاول کی پاکستان سے ایران برآمدات کی گنجائشوں کا ذکر کیا اور کہا کہ اس وقت ایران کی چاول مارکیٹ میں پاکستانی چاول کا حصہ تیس فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی چاول ایک اچھے معیار اور کوالٹی کا حامل ہے جس کے باعث خطے میں اسکی ڈیمانڈ بڑھتی جا رہی ہے۔
اس موقع پر پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی نے بھی ایران و پاکستان کے مابین خصوصاً نجی شعبے میں تجارتی لین دین کے فروغ اور اسکے حجم کے سالانہ پانچ ارب ڈالر تک پہنچنے کے ہدف کا ذکر کیا۔
خیال رہے کہ اس فیسٹیول کے موقع پر دونوں ممالک کی تاجر برادری نے امریکی پابندیوں کو ناکام بنانے کے مقصد سے اقتصادی لین دین میں اضافے کے ساتھ ساتھ بارٹر ٹرید کی اہمیت اور اسکے فروغ پر بھی زور دیا۔