افغانستان امریکی قبضے کے دوران تباہ ہو گیا، طالبان
افغانستان کی طالبان انتظامیہ کے سربراہ نے کہا ہے افغانستان پر امریکہ کے بیس سالہ غاصبانہ قبضے کے نتیجے میں یہ ملک صرف تباہ ہوا ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی طالبان انتظامیہ کے سربراہ ملا محمد حسن آخوند نے کابل میں پاکستانی علماء کے وفد سے ملاقات میں کہا ہے کہ امریکی قبضے کے دوران افغانستان تباہ و برباد ہو گیا ہے اور ملک کی تعیمر نو اور افغانستان کے مسائل کے حل کے لئے وقت درکار ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ طالبان، علاقے اور دنیا کے تمام ملکوں منجملہ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں اور اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی کہ افغانستان کی سرزمین کو کسی بھی ملک کے خلاف سرگرمیوں کے لئے استعمال کیا جائے۔
اس ملاقات میں پاکستانی علماء کے وفد نے بھی افغانستان اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے زیادہ سے زیادہ فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
واضح رہے کہ مفتی تقی عثمانی کی سربراہی میں پاکستانی علماء کا ایک وفد افغانستان کے دورے پر کابل پہنچا ہے۔