غزہ؛ شہید بچوں کی یاد میں فلسطینی بچوں نے شمعیں روشن کیں۔ ویڈیوز
فلسطین کی غزہ پٹی میں بچوں نے حالیہ صیہونی دہشتگردی کے دوران شہید ہو جانے والے اپنے ننہے ساتھیوں، دوستوں اور نونہالوں کی یاد منائی اور انکے فراق میں شمعیں روشن کیں۔
گزشتہ ہفتے پانچ سے سات اگست کے دوران غاصب صیہونی حکومت نے غزہ پر بمباری کر کے کم از کم چھیالیس افراد کو شہید اور ساڑھے تین سو سے زائد کو زخمی کر دیا۔ شہید ہونے والوں میں سترہ بچے شامل ہیں۔
آنادولو خبررساں ایجنسی کے مطابق غزہ پٹی کے دسیوں بچے اور نونہال تباہ شدہ مکانات کے خرابات میں اکٹھا ہوئے اور جو صیہونی دہشتگردی میں شہید ہو جانے والے اپنے ہمسن بچوں اور ساتھیوں کی تصاویر اٹھائے ہوئے تھے۔
یہ بچے ایسے بینر اور پلے کارڈ بھی اٹھائے ہوئے تھے جن پر لکھا ہوا تھا "فلسطینی بچوں کو بچالو"، یا فلسطینی بچے دنیا کے حریت پسندوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ انہیں غاصب اسرائیل کے میزائلوں سے بچائیں۔
ان بچوں نے غاصب صیہونی حکومت کے جرائم اور بہیمانہ جارحیت کے خلاف خوب نعرے لگائے۔
رپورٹس یہ بتاتی ہیں دوہزار آٹھ سے لے کر اب تک طفل کش غاصب صیہونی حکومت صرف غزہ پٹی میں ایک ہزار سے زائد بچوں کو شہید کر چکی ہے۔