ایران و پاکستان کے درمیان پروازوں کی تعداد میں اضافہ
ایران اور پاکستان کے مابین ہفتہ وار پروازوں کی تعداد بڑھا کر پندرہ کر دی گئی ہے۔
ایران کے ادارہ سِوِل ایویئیشن کے ترجمان میر اکبر رضوی نے کہا ہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی میزبانی میں ہوئے ایران و پاکستان مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس میں یہ فیصلہ لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق اسلام میں گزشتہ روز شروع ہوئے اس دو روزہ اجلاس میں ایران کے وزیر مواصلات و شہری ترقی اور پاکستان کے وزیر اقتصاد اپنے وفد کے ہمراہ شریک ہوئے جس میں دونوں ممالک کے مابین مختلف اقتصادی مسائل منجملہ فضائی نقل و حمل کے موضوع پر گفتگو ہوئی جس میں ہر ہفتہ پندرہ پروازوں کی انجام دہی پر اتفاق ہو گیا ہے۔
سول ایویئیشن کے ترجمان نے مزید کہا کہ کارگو فلائٹس کی کوئی تعداد معین نہیں کی گئی ہے جبکہ مسافر پروازیں پاکستان کے شہروں اسلام آباد، لاہور کراچی کوئٹہ اور ایران کے شہروں زاہدان مشہد اور امام خمینی ایئرپورٹ کے مابین انجام پائیں گی۔ میر اکبر کا کہنا تھا کہ تہران اور اسلام آباد کے درمیان ایویئیشن، ایئرپورٹ، ٹریننگ اور ٹیکنیکل سپورٹ کے شعبوں میں اتفاق ہوا ہے اور ان میدانوں میں دونوں ممالک کی نالج بیس کمپنیوں کی خدمات سے بھی مدد لی جائے گی۔
خیال رہے کہ ان دنوں محرم اور اربعین حسینی کے پیش نظر ایران کے راستے عراق جانے والے پاکستانی زائرین کی تعداد رو بروز بڑھتی جا رہی ہے جس کے پیش نظر دونوں ممالک بالخصوص ایران نے زائرین کے سفر کو آسان بنانے کے لئے کمر کس لی ہے اور پاکستانی زائرین کی بڑی تعداد ایرانی پروازوں کے ذریعے عراق کا سفر کر سکے گی۔