لبنان کے حالات خراب کرنے کی کوشش، حزب اللہ کے قریبی وزیر کے گھر پر دھماکہ
حزب اللہ لبنان کے قریبی وزیر کے گھر کے باہر دھماکہ ہوا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: لبنانی میڈیا نے اس ملک کے وزیر ٹرانسپورٹ کے باغ میں ایک بم دھماکے کی اطلاع دی ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بعلبک شہر میں واقع طاریا قصبے میں ملک کے وزیر ٹرانسپورٹ علی حمیہ کے باغ میں بم دھماکے کی اطلاع دی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق بجلی کی تاروں سے جڑا یہ بم مشرقی لبنان میں واقع قصبے طاریا میں حزب اللہ کے قریبی وزیر حمیہ کے گھر کے باغ میں نصب کیا گیا تھا جو آج 8 ستمبر جمعرات کے روز پھٹ گیا۔
اس خبر رساں ایجنسی نے لبنان کے وزیر ٹرانسپورٹ کے اطلاعاتی دفتر کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ سیکیورٹی سروسز ممکنہ جانی یا مالی نقصان کا ذکر کیے بغیر دھماکے کی جگہ کی تحقیقات کر رہی ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق لبنانی حکام میں سے کسی نے بھی ابھی تک اس دھماکے یا اس کے پیچھے کارفرما فریق کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔