حزب اللہ لبنان کا بیان، امریکا سب سے بڑا مجرم ہے
حزب اللہ لبنان کا کہنا ہے کہ امریکا نے لبنانی عوام کے خلاف بہت بڑے جرم کا ارتکاب کیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: حزب اللہ لبنان کے ایک سینئر رہنما نے لبنانی عوام کے خلاف امریکا کو سب سے بڑا مجرم قرار دیا اور کہا کہ لبنانی عوام، حزب اللہ کا ساتھ چھوڑنے والے نہیں ہیں۔
علی دعموش نے کہا کہ حزب اللہ تمام دباؤ اور چیلنجز کے باوجود اپنی طاقت کے عروج پر ہے۔
تحریک انصار اللہ کی ویب سائٹ نے علی دعموش کے حوالے سے لکھا ہے کہ حزب اللہ نے لبنان کے اندر امریکا، صیہونی حکومت، سعودی عرب اور ان کے ایجنٹوں کے حملوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور یہ حملے تحریک حزب اللہ کے عزم و ارادے کو متاثر نہيں کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے حملے حزب اللہ کے موقف اور فیصلوں کو بدلنے کا سبب نہیں بن سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کے دشمنوں کی امیدوں اور ان کے اہداف پر پانی پھر گیا اور یہ تحریک پوری طاقت اور توانائی کے ساتھ داخلی اورعلاقائی سطح پر لبنان کا دفاع کرنے کی طاقت رکھتی ہے۔
حزب اللہ لبنان کے اس اعلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ تحریک حزب اللہ نے طاقت کے توازن کو تبدیل کر دیا ہے تاکہ یہ ملک اپنے قدرتی ذخیروں اور حقوق کو واپس لے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفادار لبنانی عوام، مزاحمت پر کاربند ہیں اور حزب اللہ اور اس کے ہتھیاروں کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔
حزب اللہ کے سینئر رہنما نے کہا کہ لبنان کو اپنی تاریخ کے بدترین اقتصادی اور معاشی بحران کا سامنا ہے۔