ایشیائی گاہکوں کی گیس یورپ کو نہیں دی جائے گی، قطر
قطر نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ موسم سرما میں ایشیائی ملکوں سے متعلق گیس یورپ کو نہیں دی جائے گي۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: قطر کی توانائی کی کمپنی کے سربراہ سعد بن شریدہ الکعبی نے کہا ہے کہ ان کا ملک اپنے گاہک ملکوں کے ساتھ کئے جانے والے وعدوں کا پابند ہے اور ایشیائی ملکوں سے متعلق گیس کو یورپ ارسال کئے جانے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ قطر کی یہ کمپنی دنیا میں قدرتی گیس کی سب سے بڑی کمپنی میں تبدیل ہونا چاہتی ہے۔
قطر قدرتی گیس برآمد کرنے کے اعتبار سے دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے اور اس نے مختلف ملکوں منجملہ جنوبی کوریا، جاپان، ہندوستان اور چین کے ساتھ گیس کے بڑے بڑے سمجھوتے کر رکھے ہیں۔
حالیہ مہینوں کے دوران مغربی ملکوں کے لئے گیس کی فراہمی ایک بڑے مسئلے میں تبدیل ہوگئی ہے۔
یوکرین جنگ کی بنا پر روس کے خلاف مختلف قسم کی پابندیاں عائد کرنے کی وجہ سے خود مغربی ملکوں کو اس وقت ایندھن کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
روس یوکرین جنگ کی بنا پر مغرب ملکوں نے روس کے خلاف اقتصادی پابندیاں عائد کر کے ماسکو پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی ہے جبکہ ایندھن کی قلت ہونے کی بنا پر خود مغربی ملکوں کو اس وقت بحرانی صورتحال کا سامنا ہے اور آئندہ موسم سرما میں یہ بحران ایک المیے میں تبدیل ہو سکتا ہے۔