Dec ۲۳, ۲۰۲۲ ۰۹:۰۳ Asia/Tehran
  • عراق کی جانب سے ایران اور ترکیہ بارڈر پر 200 سرحدی چوکیاں بنانے کا اعلان

عراقی سرحدی محافظ فورس کے ترجمان نے ایران اور ترکیہ کے ساتھ مشترکہ سرحدوں پر 200 نئی چوکیاں بنانے کا اعلان کیا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: ایران پریس نیوز ایجنسی کے مطابق عراقی بارڈر گارڈ فورس کے ترجمان "کاروان خوشناو" نے کہا ہے کہ ہم ایران اور ترکیہ کے بارڈر ایریا میں  200 نئی چوکیاں بنانے جا رہے ہیں۔

عراقی کردستان کے ساتھ ایران اور ترکیہ کے سرحدی علاقے ان علاقوں میں شامل ہیں جہاں دہشت گرد اور علیحدگی پسند گروپوں نے ہمیشہ ان ممالک کی سلامتی کو نشانہ بنایا ہے۔ ایران اور ترکیہ نے اس سلسلے میں بغداد اور اربیل کی مقامی حکومت سے بارہا احتجاج  بھی کیا ہے۔

سرحدی محافظ دستوں کے ترجمان نے نشاندہی کی کہ ان نئی سرحدی چوکیوں کی تعمیر کا فیصلہ ایران اور ترکی کے ساتھ مشترکہ سرحدوں کے تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ لوگوں بالخصوص مسلح گروہوں کے سرحدی علاقوں میں غیر قانونی داخلے کو روکا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرحدی علاقوں میں کسی بھی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے نئے تھرمل کیمرے بھی نصب کیے جائیں گے۔

اس سے قبل عراقی حکومت کی نئی کابینہ کے سیکورٹی انتظامات کے فریم ورک میں سرحدی محافظوں کی تعداد میں اضافے اور سرحدی سیکورٹی کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کی ترجیحات میں سیکورٹی کو مضبوط بنانا ہے۔

ایران نے مشترکہ سرحد پر مزید فوجیوں کی تعیناتی اور چوکیوں کی تعداد بڑھانے کے عراقی حکومت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ 

اس سے قبل ایران اور عراق کے درمیان ایران اور کردستان کے علاقے کی سرحدوں پر عراقی افواج کی تعیناتی کا معاہدہ ہوا تھا اور چوکیوں کی تعداد بڑھانا اسی معاہدے کا حصہ ہے۔

ٹیگس