سعودی اتحاد نے ایندھن کے حامل یمن کے مزید 4 بحری جہازوں کو روک لیا
یمن کی تیل کمپنی کے ترجمان نے خبر دی ہے کہ سعودی اتحاد نے بارِ دیگر ایندھن کے حامل یمن کے 4 بحری جہازوں کو روک لیا ہے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق یمن کی قومی تیل کمپنی کے ترجمان عصام المتوکل نے کہا ہے کہ جارح سعودی اتحاد نے ایک بار پھر یمن کے 4 بحری جہازوں کو، جن میں سے 2 پٹرول اور 2 ڈیزل کے حامل تھے، روک لیا ہے۔
تیل کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ ایندھن کے حامل یمن کے ان بحری جہازوں کو سعودی اتحاد نے اقوام متحدہ کے فراہم کردہ پرمٹ کے باوجود روکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان بحری جہازوں کو یمن آنے کی اجازت تھی تاہم ابھی تک یہ بحری جہاز یمن نہیں پہنچ پائے ہیں۔
ترجمان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سعودی اتحاد کی جانب سے اس قسم کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور اپنے فرائض پر عمل کرتے ہوئے سعودی اتحاد کے خلاف مؤثر عملی کارروائی کرے۔
واضح رہے کہ سعودی اتحاد کی جارحیت کی وجہ سے اس ملک کو ایندھن کی اشد ضرورت ہے اور اسی وجہ سے اس ملک کے زیادہ تر اسپتال یا تو بند پڑے ہیں یا پھر سعودی جارحیت کا شکار ہو کر تباہ ہوگئے ہیں۔