یمن کے صوبے صعدہ پر سعودی اتحاد کی جارحیت، 14 یمنی زخمی
یمنی ذرائع کی رپورٹ کے مطابق یمن کے صوبے صعدہ کے مغرب میں شدا سرحدی علاقے پر سعودی اتحاد کی جارحیت میں یمن کے چودہ عام شہری زخمی ہوئے ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی اتحاد نے شمالی یمن کے صوبے صعدہ کے مغرب میں شدا کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔
اس حملے میں یمن کے چودہ عام شہری زخمی ہو گئے۔ ہفتے کو سعودی فوجیوں نے صعدہ کے سرحدی علاقے الرقو پر حملہ کیا تھا جس میں یمن کے چار عام شہری زخمی ہوئے تھے۔
یمن کی سرکاری نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق دو ہزار بائیس میں صوبے صعدہ کے سرحدی علاقوں پر سعودی اتحاد کی جارحیت میں تقریبا تین ہزار یمنی شہری شہید و زخمی ہوئے جن میں افریقی مہاجرین بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ کو سعودی اتحاد نے یمن پر جارحیت شروع کی ہے اور اس وقت سے اب تک ہزاروں یمنی عام شہری شہید وزخمی ہو چکے ہیں جن میں تین ہزار سات سو بیالیس بچے بھی شہید اور تین ہزار نو سو بیانوے بچے زخمی ہوئے ہیں۔
یہی نہیں سعودی اتحاد نے امریکہ اور اپنے اتحادی ملکوں کی حمایت سے یمنی عوام کا محاصرہ بھی کر رکھا ہے اور وہ غذائی اشیا اور دوائیں نیز ایندھن تک یمن منتقل نہیں ہونے دے رہا ہے۔