Feb ۱۳, ۲۰۲۳ ۱۸:۴۱ Asia/Tehran
  • یمن میں الحدیدہ پر سعودی اتحاد کی جارحیت

یمن میں صوبے الحدیدہ کے مختلف علاقوں پر سعودی اتحاد کی جارحیت بدستور جاری ہے جبکہ سعودی اتحاد نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یمن کے الحدیده سمیت مختلف صوبوں میں رہائشی علاقوں کو حملوں کا نشانہ بنایا۔

سحرنیوز/عالم اسلام: المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کے صوبے الحدیدہ میں یمن کی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ سعودی اتحاد نے ڈرون طیاروں کا استعمال کرتے ہوئے حیس، جبلیہ اور مقبنہ کے مختلف علاقوں پر کئی بار حملے کئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ الجبلیہ کے مختلف علاقے بھی سعودی اتحاد کی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنے۔ دوسری جانب یمنی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ رواں عیسوی سال شروع ہونے کے بعد سے یمن کے سرحدی علاقے خاص طور سے صعدہ کے مختلف علاقے سعودی اتحاد کی جارحیت کا مسلسل نشانہ بنتے رہے ہیں۔ 
واضح رہے کہ چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ کو سعودی اتحاد نے یمن پر جارحیت شروع کی ہے اور اس وقت سے اب تک ہزاروں یمنی عام شہری شہید و زخمی ہوچکے ہیں جن میں تین ہزار سات سو بیالیس بچے بھی شہید اور تین ہزار نو سو بیانوے دیگر بچے زخمی ہوئے ہیں۔
یہی نہیں سعود اتحاد نے امریکہ اور اپنے اتحادی ملکوں کی حمایت سے یمنی عوام کا محاصرہ بھی کر رکھا ہے اور وہ غذائی اشیا اور دوائیں نیز ایندھن تک، یمن منتقل نہیں ہونے دے رہا ہے۔
یمنی ذرائع‏ نے اعلان کیا ہے کہ یمنی قوم کے جاری محاصرے کی بنا پر بیس لاکھ سے زائد یمنی بچوں کو صحیح خوراک تک میسر نہیں ہے اور ایک کروڑ ستر لاکھ سے زائد یمنی شہریوں کو جن میں نوے لاکھ یمنی بچے شامل ہیں، صاف پانی اور حفظان صحت سے متعلق خدمات سے محرومی کا سامنا ہے۔

ٹیگس