بنگلہ دیش: روہنگیا مہاجرین کیمپ میں آتشزدگی، 12 ہزار افرد بے گھر (ویڈیو)
بنگلہ دیش میں روہنگیا مہاجرین کے پناہ گزین کیمپ میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 12 ہزار سے زائد افرد بے گھر ہوگئے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اتوار کو میانمار کی سرحد کے ساتھ واقع بنگلہ دیش کے ضلع کاکس بازار میں روہنگیا مہاجرین کے گنجان آبادی والے کیمپ میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔
آتشزدگی کے نتیجے میں 2 ہزار سے زائد مکانات (جھوپڑ پٹیاں) اور ان میں موجود سامان جل کر خاکستر ہوگیا اور ہزاروں افراد کھلے آسمان تلے زندگی گذارنے پر مجبور ہوگئے۔ بنگلہ دیش کی فائر فائٹر کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیںہے۔ ابھی تک آگ لگنے کی وجہ سامنے نہیں آ سکی ہے۔
بنگلہ دیش کی وزارت دفاع کی گزشتہ ماہ جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جنوری 2021 سے دسمبر 2022 کے درمیان روہنگیا کیمپوں میں آتشزدگی کے 222 واقعات ہوئے ہیں۔ مارچ 2021 میں بستی کے ایک کیمپ میں آگ لگنے سے کم از کم 15 افراد جاں بحق اور تقریباً 50 ہزار بے گھر ہو گئے تھے۔
واضح رہے کہ کاکس بازار کے اس پناہ گزین کیمپ کو دنیا کا سب سے بڑا مہاجر کیمپ کہا جاتا ہے جہاں میانمار کے روہنگیا مسلمان رہتے ہیں جو اپنے ملک میں بدھ مت کے پیروکاروں کے بدترین مظالم اور فوجی کریک ڈاؤن کے بعد جان بچاکر بنگلہ دیش میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے تھے۔