Mar ۰۷, ۲۰۲۳ ۰۷:۴۲ Asia/Tehran
  • ملک میں امریکہ کی سرگرمیوں پر انصار اللہِ یمن کا سخت انتباہ

یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصار اللہ نے ملک کے ساحلی علاقوں اور جزیروں میں امریکہ کی بڑھتی سرگرمیوں کی بابت سخت خبردار کیا ہے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: المسیرہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصار اللہ کے سیاسی دفتر نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دو صوبوں حضرموت اور المہرہ میں امریکہ کی سرگرمیاں یمن کے اقتدار اعلیٰ اور ارضی سالمیت کی آشکارا اور خطرناک خلاف ورزی ہیں اور یہ درحقیقت گزشتہ آٹھ برسوں سے یمنی عوام کے خلاف جاری اسکی جارحیتوں کا ہی تسلسل ہی ہے۔

بیان میں مذکورہ دو صوبوں میں امریکی سرگرمیوں کی سخت مذمت کے ساتھ ساتھ اسکے نتائج کے بارے میں سخت خبردار کیا۔ بیان میں اسی طرح ملک کے کسی بھی حصے میں بیگانہ طاقتوں کی موجودگی اور اسکی سرگرمیوں کی سخت مخالفت کا اظہار کرتے ہوئے یہ واضح کیا گیا ہے کہ تمام تر قانونی وسائل و ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے اپنی سرزمین کا دفاع اور جارح قوتوں سے مقابلہ یمنی عوام کا مسلمہ حق ہے۔

تحریک انصار اللہ نے اپنے بیان میں جارح سعودی اتحاد کی گماشتہ آلہ کار حکومت کو اس قسم کے خیانت آمیز اقدامات کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے جارح قوتوں کے خلاف یمن کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں عزت و شرف اور حریت کے ساتھ عوامی مزاحمت پر زور دیا۔

ساتھ ہی بیان میں یمنی عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی مادری سرزمین کو دشمن کے چنگل سے نجات دلانے کے لئے اپنے اموال، مجاہدین اور مؤثر اقدامات کے ذریعے میدان کارزار میں سرگرم عوامی مزاحمت کی حمایت و نصرت کریں۔

ٹیگس