Apr ۰۴, ۲۰۲۳ ۰۸:۵۹ Asia/Tehran
  • ایران کا اقوام متحدہ کے نام خط، شام میں امریکہ کو کیا خبردار

ایران نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور یو این سلامتی کونسل کے صدر کے نام مراسلے ارسال کر کے یہ واضح کیا ہے کہ شام میں ایران کی موجودگی مکمل طور پر قانونی ہے اور وہ اپنے افراد، مفادات اور تنصیبات کے خلاف ہر قسم کے غیر قانونی اقدام کا سخت جواب دے گا۔

سحر نیوز/ایران: اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے یہ بات بے بنیاد دعووں سے لبریز امریکی مراسلے کے جواب میں ایک خط میں کہی۔ ایران کے نمائندے نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اسلامی جمہوریہ ایران شام میں امریکہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے اور وہ شام میں تیئس مارچ کو شام کی غیر عسکری تنصیبات پر امریکہ کے غیر قانونی حملے کی سخت مذمت کرتا ہے کہ جس میں متعدد بے گناہ لوگ شہید و زخمی ہو گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کو اپنے اس بہیمانہ جرم کی ذمہ داری کو تسلیم کرنا ہوگا کہ جس میں شام کے اقتدار اعلیٰ، ارضی سالمیت، اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی کھلی خلافورزی ہوئی ہے۔

اقوام متحدہ میں سفیر ایران نے کہا کہ امریکہ اپنے جرائم اور غلطیوں کا ذمہ دار دوسروں کو نہیں ٹھہرا سکتا۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ شام کی حکومت بارہا یہ واضح کر چکی ہے ملک میں امریکہ کی موجودگی غیر قانونی ہے اور اس کا یہ مسلسل مطالبہ رہا ہے کہ امریکی فوج وہاں سے فوراً باہر نکل جائے۔

سفیر ایران نے یہ بھی واضح کیا کہ ایران شام کے اقتدار اعلیٰ، ارضی سالمیت اور اسکی سیاسی خودمختاری کے تحفظ کا خود کو پابند سمجھتا ہے اور اُس پر زور دیتا ہے۔

ٹیگس