حزب اللہ لبنان کی اسرائیل کو دھمکی، ہمارے پاس بڑی تعداد میں دورمار میزائل ہیں
حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ نے ناجائز صیہونی حکومت کو دور مار میزائل کے استعمال کی دھمکی دی ہے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: سید حسن نصر اللہ سے منسوب ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ ہوا ہے جس میں آیا ہے کہ حزب اللہ کے پاس بڑی مقدار میں دور مار میزائل موجود ہیں مگر وہ ابھی اُن کو استعمال نہیں کر رہی ہے۔ بعض خبری ذرائع نے یہ خدشہ ظاہر کیا ہے کہ صیہونیوں کی حماقت کی صورت میں حزب اللہ کے لئے یہ ایک آپشن ہے کہ وہ صیہونی حکومت کے حساس مراکز کے خلاف اپنے پوائنٹ ٹارگیٹنگ بیلسٹک میزائل استعمال کر سکتی ہے۔
موصولہ خبروں کے مطابق صیہونی حکام اپنے خلاف حزب اللہ کے ممکنہ جوابی حملوں کے سلسلے میں سخت اختلاف رائے کا شکار ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب یہ بھی اطلاعات ہیں کہ غزہ پر حملوں کو جاری رکھنے یا نہ رکھنے کے سلسلے میں بھی صیہونی کابینہ شدید اختلافات کا شکار ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ صیہونی ٹولے کے جنگی طیاروں نے چند گھنٹے قبل غزہ کے مختلف علاقوں منجملہ جنوبی خطے میں وسیع پیمانے پر بمباری کی ہے۔ صیہونیوں نے لبنانی سرحدوں کی جانب سے فائر ہونے والے راکٹ کا ذمہ دار حماس کو قرار دیتے ہوئے یہ حملے کئے ہیں۔
صیہونی بمباری کے جواب میں فلسطینی مزاحمتی تنظیموں نے جہاں ایک طرف صیہونی جنگی طیاروں کا مقابلہ کیا اور وہیں غزہ کے قریب صیہونی بستیوں پر راکٹ بارانی بھی کی ہے۔