غزہ اور جنوبی لبنان میں صیہونیوں کے حملے جاری، مزاحمتی فورسز کی جوابی کارروائیاں
غاصب صیہونی ریاست نے داخلی بحران سے نجات کے لئے فلسطین کے مزاحمتی محاذ کے خلاف جنگ چھیڑ دی ہے۔ صیہونی فوج نے غزہ اور جنوبی لبنان کے علاقوں پر حملے کئے ہیں جب کہ مزاحمتی فورسز نے میزائل اور راکٹوں سے ان کا جواب دیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز لبنان سے صیہونی علاقوں پر ہونے والے میزائل حملے کے بعد صیہونی ریاست نے اپنی سیکورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلایا جس میں صیہونی وزیر اعظم نتن یاہو نے کہا کہ وہ ان حملوں کا جواب دیں گے۔
رپورٹ کے مطابق صیہونی ریاست نے جنوبی لبنان کے علاقے صور پر ہوائی اور میزائل حملے کئے ہیں۔ المیادین کی رپورٹ کے مطابق ان حملوں سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور ظاہرا یہ حملے حماس کے ٹھکانوں پر کئے گئے ہیں۔ صیہونی ریاست نے غزہ میں بھی حماس اور دوسری مزاحمتی فورس کے مراکز پر حملے کئے ہیں جب کہ مزاحمتی فورسز نے بھی جوابی کارروائیاں کرتے ہوئے مقبوضہ علاقوں پر راکٹ بارانی کی اور صیہونی جنگی طیاروں کے خلاف زمین سے ہوا میں مار کرنے والا سام میزائل فائر کیا۔
اطلاعات کے مطابق مزاحمتی فورسز نے سدیروت اور عسقلان کے علاقوں کو نشانہ بنانے ہوئے راکٹ حملے کئے جس کے بعد مقبوضہ علاقوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ صیہونی ریاست نے غاصب صیہونیوں کو پناہ گاہوں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
صیہونی وزیرجنگ نے گیدڑ بھپکی دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہر میدان میں جنگ کے لئے آمادہ ہیں۔ صیہونی ڈرون طیاروں نے غزہ میں بیت حانون کے مشرقی علاقے میں مزاحمتی فورسز کے ایک مرکز کو نشانہ بنایا۔ صیہونی ریڈیو کے مطابق غزہ سے 20 راکٹ مقبوضہ علاقوں کی جانب فائر کئے گئے جن میں ایک صیہونی کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ مذکورہ ریڈیو نے نتن یاہو کی کابینہ میں غزہ پر حملوں کے حوالے سے شدید اختلافات کی خبر دی ہے جب کہ فوجی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ حملے غزہ تک محدود نہیں رہیں گے اور ان کا دائرہ دوسرے علاقوں تک بھی پھیل جائے گا۔
ایک صیہونی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لبنان پر حملے سے قبل صیہونی فوج کو ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا تھا اور آئرن ڈوم میزائل دفاعی نظام، صیہونی توپخانہ اور چھاتہ بردار فوج کو بالکل آمادہ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اُدھربیت المقدس میں فلسطینیوں نے اکٹھا ہو کر ’’ہماری روح اور ہمارا خون تم پر فدا ہو اے اقصیٰ‘‘ کے فلک شگاف نعرے بلند کئے۔
صیہونی فوج نے غزہ میں مزاحمتی جماعت بدر کے مرکز پر بھی بمباری کی ہے جب کہ خان یونس میں بھی ایک مزاحمتی مرکز کو نشانہ بنایا ہے۔