Apr ۱۸, ۲۰۲۳ ۰۸:۵۵ Asia/Tehran
  • کیا اس بار ایران، سعودی عرب، پاکستان اور ہندوستان میں ایک ہی دن عید ہوگی؟

ایران، سعودی عرب، پاکستان اور ہندوستان میں ایک ہی دن عید الفطر منانے کا قوی امکان نظر آ رہا ہے اور اس طرح اس سال عالم اسلام میں عید الفطر ایک ہی روز منائی جائیگی اور محقق ہونے کی صورت میں یہ اتفاق عرصہ دراز کے بعد اپنی نوعیت کا ایک نادر اتفاق ہوگا۔

سحر نیوز/عالم اسلام: اسلامی جمہوریہ ایران، سعودی عرب ، پاکستان، ہندوستان اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک میں عید الفطر 22 اپریل 2023 بروز ہفتہ کو منائے جانے کا امکان ہے۔ تاہم ہندوستان میں عیدالفطر ہفتہ یا اتوار کو منانے کے امکانات ہیں۔

ایران میں جمعرات کو رویت ہلال کمیٹی  کا اجلاس ملک کے مختلف مقامات میں چاند دیکھنے کیلئے بلایا گیا ہے تاہم ماہر فلکیات کا کہنا ہے کہ چاند کی عمر جمعرات کو پوری نہیں ہو گی اس لئے چاند جمعہ کو نظر آنے کا قوی امکان ہے اس طرح عید الفطر 22 اپریل بروز ہفتہ کو ہو گی۔

سعودی عرب کے ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ شوال کا چاند جمعرات کو نظر نہ آنے کا امکان ہے تاہم جمعہ کو چاند واضح طور پر دکھائی دے گا۔

پاکستان میں اس بار رمضان المبارک کا آغاز ایران اور سعودی عرب کے ساتھ ہوا تھا اوراب عید الفطر بھی ایران اور سعودی عرب کے ساتھ منائے جانے کا امکان روشن ہو گیا ہے کیونکہ پاکستان کی رویت ہلال ریسرچ کونسل کی طرف سے بھی رواں ماہ کے آغاز میں عندیہ دے دیا گیا تھا کہ رمضان المبارک 30دن کا ہو گا اور عید الفطر 22 اپریل کو منائی جائے گی۔

عیدالفطر رمضان کے مقدس مہینہ کے اختتام کی علامت ہے۔ ایران، پاکستان، سعودی عرب اور ہندوستان سمیت پوری دنیا میں عیدالفطر بڑے جوش و خروش اور خاص تزک و احتشام کے ساتھ منائی جاتی ہیں۔

ٹیگس