Apr ۲۷, ۲۰۲۳ ۱۱:۲۸ Asia/Tehran
  • اسرائیل کی مشکلات میں اضافہ، جہاد اسلامی اور حزب اللہ مل کر صیہونی دھمکیوں کا مقابلہ کریں گی

جہاد اسلامی فلسطین نے ناجائز صیہونی حکومت کی دھمکیوں سے نمٹنے کے لئے حزب اللہِ لبنان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خبر دی ہے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: میدان جنگ میں مسلسل ناکامیوں کے بعد فلسطینی کمانڈروں کے قتل پر مبنی صیہونی حکومت کی مسلسل دھمکیوں کے درمیان جہاد اسلامی فلسطین نے صیہونیوں کی دھمکیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے حزب اللہ لبنان کے ساتھ اپنی تنظیم کی ہماہنگی کی خبر دی ہے۔

ارنا نیوز کے مطابق جہاد اسلامی فلسطین کے سیاسی دفتر کے رکن ولید القططی نے صیہونی حکومت کی مسلسل دھمکیوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مزاحمتی محاذ کے پاس ممکنہ قاتلانہ حملوں کا جواب دینے کے لئے آپشن موجود ہیں اور یہ محاذ غاصب صیہونیوں کے مقابلے میں متحد ہو چکا ہے۔

القططی نے واضح کیا کہ مزاحمتی محاذ ماضی سے بہت مختلف ہے اور صیہونیوں کی حماقتیں نتن یاہو کی حقائق سے دوری کا باعث بنی ہوئی ہیں۔

اس سے قبل فلسطینی ذرائع نے غزہ میں مزاحمتی نوجوانوں کے الرٹ ہو جانے کی خبر دی تھی اور خبردار کیا تھا کہ اگر صیہونی حکومت مزاحمتی محاذ کے کمانڈروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کرے گی تو اس کا جواب صیہونی حکومت کے لئے بڑا دردناک ہوگا۔ غزہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اس وقت وہاں کے تمام استقامتی گروہ صیہونی ٹولے کا مقابلہ کرنے کے لئے مکمل طور پر الرٹ ہو گئے ہیں۔

خیال رہے کہ غزہ کی جانب سے ہونے والی جوابی راکٹ بارانی سے تنگ آ چکی ناجائز صیہونی حکومت نے غزہ میں سرگرم مزاحمتی کمانڈروں کے قتل کو اپنے ایجنڈے میں شامل کر کے مسلسل دھمکیاں دینا شروع کر دی ہیں۔

ٹیگس