مقبوضہ فلسطین آگ میں جھلس گیا، 24 گھنٹے میں آتشزدگی کے 200 سے زائد واقعات
مقبوضہ فسلطین کے مختلف علاقوں اور غزہ کے قرب و جوار میں واقع ناجائز صیہونی بستیوں میں 170 سے زائد آتشزدگی کے واقعات پیش آئے ہیں۔
سحر نیوز/عالم اسلام: صیہونی میڈیا نے مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 176 آتشزدگی کے واقعات رونما ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ صیہونی حکومت کے واللا ٹی وی کی ویب سائٹ کے مطابق ہفتے کے صبح سے لے کر گزشتہ شب کے درمیان آتشزدگی کے یہ واقعات پیش آئے۔ ان واقعات کی وجہ صیہونی میڈیا نے موسم کی گرمی اور تیز ہواؤں کو قرار دیا ہے۔
صیہونی میڈیا نے رپورٹ دی ہے کہ دریائے اردن کے مغربی کنارے میں معالہ ادومیم صیہونی کالونی کے قریب غاصب اسرائیل کے فوجی اڈے میں وسیع پیمانے پر آتش زدگی ہوئی ہے۔
صیہونی فوج کے ریڈیو کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ کی ٹیمیں آگ بجھانے میں مصروف ہیں اور آگ لگنے کے اس واقعہ میں بقول اس کے کوئی جانی اورمالی نقصان نہیں ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آتشزدگی کے 53 واقعات مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقوں، 32 واقعات ساحلی علاقوں، 28 واقعات بیت المقدس، 24 واقعات جنوبی علاقوں، 22 واقعات مرکز اور 14 واقعات مغربی کنارے میں پیش آئے ہیں۔
اس سے قبل فلسطینی ذرائع نے ہفتے کے روز غزہ کے اطراف میں بسائی گئی صیہونی بستیوں میں 70 سے زائد آتشزدگی کے واقعات رونما ہونے کی خبر دی تھی۔ رپورٹ کے مطابق آگ کا دائرہ بعض مقامات پر اس حد تک بڑھ گیا تھا کہ صیہونی ذرائع ابلاغ نے اسے مہار کرنے میں اپنے فائرفائٹرز کی ناکامی کا اعتراف کیا ہے۔ غاصب صیہونی حکومت کے ریڈیو نے بھی ایک مقام پر عسقلان کے پاور ہاؤس تک آگ کے سرایت کر جانے کی بابت خبردار کیا۔
گزشتہ ہفتے 22 مئی کو بھی صیہونی ذرائع ابلاغ نے غزہ کے قریب واقع ناجائز بستیوں میں ایک آتشزدگی کے واقعے کی خبر دی تھی۔ گزشتہ ماہ بھی صیہونی حکومت کے مرکز تل ابیب میں آتشزدگی کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جس کے باعث چند صیہونی بستیوں میں ریل گاڑیوں کی رفت و آمد کا نظام متاثر ہوا تھا۔
صیہونی ذرائع نے آتشزدگی کے ان واقعات کی وجہ گرم موسم کو قرار دیا ہے جبکہ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ ان واقعات کی وجہ فلسطینی جوانوں کے آتشی غبارے اور پتنگیں ہیں۔
دوسری جانب نتن یاہو کی سرکردگی میں صیہونی حکومت کے خلاف خود صیہونی باشندوں کے مظاہروں کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ صیہونی ذرائع کے مطابق صیہونی باشندوں نے لگاتار بیسویں ہفتے سڑکوں پر نکل کر نتن یاہو حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین اپنے ماضی کے مطالبات دھرانے کے ساتھ ساتھ اس بار مہنگائی اور اپنی کرنسی شِکِل کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت بڑھ جانے کے خلاف بھی احتجاج کر رہے تھے۔