Jun ۰۳, ۲۰۲۳ ۱۶:۴۳ Asia/Tehran
  • سلامتی کونسل کی سوڈان میں جھڑپوں کو روکنے پر تاکید

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے سوڈان میں جھڑپوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں سوڈان میں جھڑپوں کو فوری طور پر روکنے اور مستقل جندگ بندی کے قیام اور انسان دوستانہ رسائی کو آسان بنانے پر زور دیا ہے۔

اس بیان میں اس افریقی ملک میں ایک پائیدار، وسیع البنیاد اور جمہوری راہ حل کے لیے دوبارہ کوشش کرنے کی ضرورت پر تاکید کی گئی ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے تمام فریقوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پورے ملک میں سوڈان کے عوام تک انسان دوستانہ امداد کی فوری اور محفوظ رسائی کو یقینی بنانے کی ضمانت دیں۔

واضح رہے کہ سوڈان میں عبدالفتاح البرہان کی قیادت میں سوڈانی فوج اور محمد حمدان دقلو کی کمان میں سریع الحرکت فورس کے مابین خرطوم اور ملک کے دیگر شہروں میں پندرہ اپریل سے جھڑپیں شروع ہوئی ہیں۔

سوڈان میں اب تک کئی بار جنگ بندی کا اعلان کیا جا چکا ہے لیکن متحارب فریق مسلسل اس کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

سوڈان میں ہونے والی جھڑپوں میں اب تک اٹھارہ سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ دس لاکھ سے زائد افراد ملک کے اندر بےگھر ہوئے ہیں اور تین لاکھ افراد نے ہمسایہ ملکوں میں پناہ لی ہے۔

ٹیگس