جنین میں مزاحمت کی فتح ہوئی: حزب اللہ
حزب اللہ لبنان کی انتظامی کونسل کے سربراہ کا کہنا ہے کہ جنین میں جو کچھ ہوا وہ مزاحمت کی فتح ہے اور جنین میں دشمن اپنا مقصد حاصل نہیں کر سکتا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: لبنان کی اسلامی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی انتظامی کونسل کے سربراہ سید ہاشم صفی الدین نے اس بات پر زور دیا کہ جنین میں جو کچھ ہوا وہ مزاحمت کی فتح ہے، ایسی مزاحمت جو دشمن کے ارادوں کو ناکام بنا سکتی ہے۔
سید ہاشم صفی الدین کا کہنا ہے کہ دشمن اپنا مقصد حاصل نہیں کرسکا جو کہ مزاحمت کو ختم کرنا ہے۔
لبنان کی داخلی صورتحال کے بارے میں انہوں نے صدر کے انتخابات سمیت تمام بحرانوں کے حل کے لیے گہرے مذاکرات کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ نسل پرستانہ اور اشتعال انگیز بیانات سے ملک کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
حزب اللہ لبنان کی انتظامی کونسل کے سربراہ نے واضح کیا کہ لبنان کے بعض سیاست دانوں کے بیانات کا مقصد عوام کو مایوس کرنا اور ملک کو تعمیر و ترقی کے راستے پر گامزن ہونے سے باز رکھنا ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ جب عبرانی زبان کے ایک میڈیا نے اعتراف کیا کہ ہم نے جینن میں جو آپریشن دیکھا ہے وہ اس مریض کے لیے درد کش دوا کی طرح ہے جو امید کھو بیٹھا ہے اور کسی کو اس کی صحت یابی پر یقین نہیں ہے۔
صیہونی حکومت کی فوج کے ترجمان دانیئل ہاگری نے بھی کہا کہ جنین کیمپ میں تمام اہداف حاصل کرنے کے لیے سیکورٹی معلومات کافی نہیں ہیں اور بہت سی مسلح تنظیمیں کیمپ چھوڑ چکی ہیں جن میں وہ تنظیم بھی شامل ہے جس نے ویسٹ بینک میں ایک آباد کار کو ہلاک کیا تھا۔