افغانستان میں بارودی سرنگیں عوام کیلئے سنجیدہ خطرہ
افغانستان میں بارودی سرنگوں سے اب بھی ہلاکتیں ہو رہی ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: طالبان حکومت نے افغانستان کے مختلف علاقوں میں بچھی بارودی سرنگوں اور مائن فیلڈ کو ختم کرنے کیلئے ہالو ٹرسٹ نام کے مرکز کی خدمات حاصل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
طالبان انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ 6 سو کلو میٹر مربع پر مشتمل علاقے، اب بھی دھماکہ خیز مادوں سے پاک نہیں ہوئے ہیں جو کہ افغان عوام کیلئے سنجیدہ خطرہ ہے۔
افغانستان کیلئے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے اوچا کی جانب سے جاری شدہ اعداد و شمار کے مطابق، صرف 2022 میں 7 سو افغان بچے جنگ کے دوران بچھائی جانے والی بارودی سرنگوں، نہ پھٹنے والے میزائلوں اور بموں کی زد میں آکر موت سے ہمکنار ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ افغانستان کی سرزمین کا ایسا کوئی علاقہ نہیں ہے جو جنگ سے محفوظ رہ سکا ہو اورافغان شہری آج بھی کئی دہائیوں پر مشتمل مختلف جنگوں کے مہلک اثرات سے دوچار ہیں۔