Jul ۲۸, ۲۰۲۳ ۱۹:۱۲ Asia/Tehran
  • سویڈن اور ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر او آئی سی کا  ہنگامی اجلاس

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے سویڈن اور ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی اور جلانے کے واقعات پر 31 جولائی کو رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کی کونسل(سی ایف ایم) کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق او آئی سی کا غیر معمولی ورچوئل اجلاس منعقد ہوگا، جس میں سویڈن اور ڈنمارک میں قرآن پاک کے نسخوں کی بے حرمتی اور جلانے کے بار بار ہونے والے واقعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا یہ ہنگامی اجلاس رواں سال 2 جولائی کو جدہ میں او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ میں منعقدہ ایک غیر معمولی اجلاس کے بعد او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے جاری کردہ حتمی بیان کے جواب میں بلایا گیا ہے۔

بیان میں سویڈن میں قرآن پاک کے نسخے نذرآتش کرنے پر توجہ دلائی گئی تھی اور ضرورت پڑنے پر اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس بلانے کا بھی مطالبہ کیا گیا تھا۔

قبل ازیں ایران اور پاکستان سمیت دیگر مسلم ممالک نے ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں رواں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر اظہار مذمت کیا تھا اور متعلقہ حکومت اور دیگر ممالک کو اس طرح کے واقعات روکنے کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ ڈنمارک میں 24 جولائی کو انتہائی دائیں بازو کے گروپ ڈانسکے پیٹریاٹر نے ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں ایک شخص قرآن پاک کی بے حرمتی اور نذرآتش کرتے ہوئے نظر آرہا تھا۔

گزشتہ ہفتے ایک اور احتجاج میں پناہ گزین سلوان مومیکا نے قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کے لیے مقدس کتاب پر پیر رکھا لیکن اسے نذرآتش نہیں کیا، جس پر عالم اسلام میں زبردست احتجاج ہوا۔

اور ایران، عراق، ترکیہ، متحدہ عرب امارات، اردن اور مراکش سمیت متعدد مسلم ممالک کی حکومتوں نے اس واقعے پر احتجاج کیا، جبکہ عراق نے قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے شخص کو ملک میں مقدمے کا سامنا کرنے کے لیے حوالگی کا مطالبہ کیا۔

ٹیگس