Jul ۲۹, ۲۰۲۳ ۱۸:۴۹ Asia/Tehran
  • القاعدہ کے ساتھ انضمام کیلئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سرگرم

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کی گئی ایک مانیٹرنگ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان القاعدہ کے ساتھ انضمام کی کوشش کر سکتی ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق مانیٹرنگ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اقوام متحدہ کے کچھ رکن ممالک نے شویش کا اظہار کیا ہے کہ ٹی ٹی پی ایک ایسا شیلٹر فراہم کر سکتی ہے جس کے تحت بہت سے دہشتگرد گروہ متحد ہو کر کام کریں۔

دنیا بھر میں دہشت گردی کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی اقوام متحدہ کی ایک کمیٹی کی جانب سے مرتب کردہ اِس رپورٹ میں پاکستان کی اس شکایت کی تائید کی گئی ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی نے افغان طالبان کے برسراقتدار ہونے کے بعد سے افغانستان میں اپنا اثر و رسوخ بڑھایا ہے۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ ایک ملک نے القاعدہ اور کالعدم ٹی ٹی پی کے انضمام کے امکان کی نشاندہی کی ہے، اس کا اندازہ ہےکہ پاکستان کے اندر بڑھتے ہوئے حملوں کے حوالے سے کالعدم ٹی ٹی پی کو القاعدہ رہنمائی فراہم کر رہی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ کئی منقسم گروہوں کے ساتھ دوبارہ اتحاد اور افغانستان میں افغان طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد کالعدم ٹی ٹی پی پاکستان میں واقع علاقوں پر دوبارہ کنٹرول قائم کرنے کی خواہشمند ہے۔

افغان طالبان نے اقوام متحدہ کی رپورٹ کوغلط قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے، افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے گزشتہ روز ایک ٹوئٹ میں کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی رپورٹ درست نہیں ہے، القاعدہ کی افغانستان میں کوئی موجودگی نہیں ہے۔

ٹیگس