عراقی سرحدی علاقوں سے غیر قانونی گروہوں کا صفایا
عراق کی سرحدی فورس کے ہیڈکوارٹر نے ایران سے ملنے والے مشترکہ عراقی سرحدی علاقوں سے غیر قانونی گروہوں کا صفایا کئے جانے کی خبر دی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: عراق کی وزارت داخلہ کی سرحدی فورس کی مشترکہ کمان نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ صوبہ اربیل میں ایران سے ملنے والے سرحدی علاقوں میں غیر قانونی گروہوں سے ہونے والی جھڑپوں کے بعد ان علاقوں سے غیر قانونی گروہوں کا صفایا کر دیا گیا۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ پڑوسی ملکوں سے ملنے والے عراقی سرحدی علاقوں پر کنٹرول باقی رکھنے کے لئے مختلف سیکورٹی فورسز کو بروئے کار لاتے ہوئے غیر قانونی گروہوں کے خلاف آپریشن کر کے اربیل کے ان علاقوں سے غیر قانونی گروہوں کا قبضہ ختم کر کے کنٹرول بحال کرلیا گیا۔
عراقی کمان نے اعلان کیا ہے کہ عراق کے تمام سرحدی علاقوں میں قومی اقتدار بحال کیا جا رہا ہے اور ہر علاقے میں صرف عراق کا قومی پرچم لہرائے گا۔
اس سے قبل عراقی وزیر خارجہ فواد حسین نے کہا تھا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ طے پانے والے سیکورٹی معاہدے کا پابند ہے۔ انھوں نے ایران کے ساتھ اپنے ملک کے مستحکم تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی کہ عراقی حکومت، اپنے ملک کی سرزمین کو کسی بھی طرح سے ایران کے خلاف استعمال کئے جانے کی اجازت نہیں دے گی۔