Sep ۱۸, ۲۰۲۳ ۱۹:۳۷ Asia/Tehran
  • نیتن یاہو کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بن یامن نیتن یاہو کی عدالتی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے صیہونی مظاہرین نیتن یاہو کے امریکہ جانے سے قبل بن گورین ہوائی اڈے کے سامنے احتجاج کریں گے-

سحر نیوز/ عالم اسلام: تل ابیب کے ہزاروں باشندے نیتن یاہو کی کابینہ کی عدالتی اصلاحات کے خلاف، ان کی امریکہ روانگی سے قبل ملک گیر احتجاج کے تسلسل میں بن گورین ہوائی اڈے کے سامنے مظاہرہ کریں گے۔

فلسطینی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ نئے عبرانی سال کے اختتام کے بعد تل ابیب کے ہزاروں باشندے تل ابیب کی ایک مصروف ترین سڑک روچیلڈ سے کپلان نامی سڑک تک کہ جو بن گورین ہوائی اڈے کو جاتی ہے بڑے پیمانے پر صیہونی وزیر اعظم کے عدالتی نظام میں اصلاحات کے خلاف مظاہرے کی تیاری کر رہے ہیں-

صہیونی ویب سائٹ ٹائمز آف اسرائیل نے اس بارے میں لکھا ہے کہ نیویارک شہر میں بھی نیتن یاہو کے استقبال کی تیاریاں ایک خاص انداز میں کی جا رہی ہیں اور لیزر کی شعاعوں کا استعمال کرتے ہوئے نیویارک میں اقوام متحدہ کی دیوار پر ان کے خلاف نعرے ظاہر کئے جائيں گے-

اس صہیونی اخبار نے مزید لکھا ہے کہ حزب اختلاف کے رہنما، نیتن یاہو اور صیہونی حکومت کی عدالت عالیہ کے اختیارات میں کمی کے بل کے خلاف مظاہرہ کریں گے۔

مظاہرے کے منتظمین کے مطابق یہ نیتن یاہو کے خلاف مظاہروں کا محض آغاز ہے اور انہیں اپنی گستاخی اور نیویارک کے موجودہ دورے کی وجہ سے مزید احتجاجی اقدامات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اس سے قبل ساڑھے تین ہزار سے زائد اسرائیلی ماہرین تعلیم اور فنکاروں نے بھی امریکی صدر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو ایک کھلا خط بھیج کر نیتن یاہو سے ملنے سے انکار کرنے اور انہیں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کرنے کی اجازت نہ دینے کا مطالبہ کیا ہے-

ٹیگس