غزہ سے صیہونی غاصبوں کو نکال باہر کئے جانے کی اٹھارہویں سالگرہ
فلسطین کی تحریک مزاحمت کے گروہوں نے غزہ سے صیہونی غاصبوں کو نکال باہر کئے جانے کی اٹھارہویں سالگرہ کی مناسبت سے جنوبی غزہ کے صوبے رفح میں یوم مزاحمت کے ایک ماڈل کی رونمائي کی ہے۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی تحریک مزاحمت کے گروہوں نے تاکید کی ہے کہ فلسطینی قوم اپنیے ملک کی پوری سرزمین کو غاصب صیہونی فوجیوں کے لئے آگ کے شعلوں میں تبدیل کر سکتی ہے۔ ان گروہوں نے اعلان کیا کہ ہم آج مزاحمت کے ایک ایسے ماڈل کی رونمائی کر رہے ہیں جو غزہ سے صیہونیوں کو نکال باہر کرنے میں فلسطینیوں کی شہادت اور ان کی فداکاری اور فلسطینی شہدا کی عظیم راہ میں کامیابی کی بہترین علامت ہے۔
فلسطین کی تحریک مزاحمت کے گروہوں نے کہا کہ ہمارا پیغام یہ ہے کہ فلسطینی قوم نے اپنا راستہ بخوبی پہچان لیا ہے اور فلسطینی قوم کے تاریخی تجربے نے اس بات کو ثابت کر دیا ہے کہ قومیں اپنے حقوق، صرف شجاعت و استقامت اور مزاحمت نیز دفاعی ہتھیاروں کا استعمال اور جارحیت کا منھ توڑ جواب دے کر حاصل کر سکتی ہیں اور فلسطینی قوم نے ایسا ہی کر کے مختلف میدانوں میں قابل ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیں اور غاصب صیہونی حکام کی نیندیں اڑا دی ہیں۔