Sep ۲۳, ۲۰۲۳ ۱۴:۵۴ Asia/Tehran
  • عراق علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کےحل میں کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے: السودانی

عراق کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ ان کا ملک علاقائی و بین الاقوامی سطح پر امن و استحکام کا مرکز بننا چاہتا ہے اور وہ علاقائی و بین الاقوامی مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے-

سحرنیوز/عالم اسلام: عراق کے وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اٹھہترویں اجلاس سے اپنے خطاب میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ عراق متوازن اور آزادانہ پالیسیوں کا خواہاں ہے، کہا ہے کہ بغداد ایک دوسرے کے احترام کی بنیاد پر تعمیری شراکت داری اور علاقائی و بین الاقوامی مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔
انھوں نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ بغداد پائیدار ترقی کے لئے اپنے پرامن عوام کی مدد اور ان کے ساتھ تعاون کرتا ہے، کہا کہ عراق جارحیت کی روک تھام کے لئے بین الاقوامی کنوینشنوں اور عالمی قوانین کے مطابق مناسب تدابیر اختیار کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
السودانی نے اقوام متحدہ کی تمام قراردادوں اور قوانین کے دائرے میں دیگر تمام ملکوں اور خاص طور سے پڑوسی ملکوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات کی برقراری پر بھی زور دیا۔
انھوں نے کہا کہ فلسطینی مملکت کی تشکیل کے بارے میں عراق کا موقف مکمل واضح ہے۔ عراق کے وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے اسی طرح شامی عوام میں اتحاد کی ضرورت پر تاکید کی۔
عراق کے وزیراعظم نے اپنی تقریر میں مسلمانوں کی مقدس آسمانی کتاب کو نذر آتش کئے جانے کی مذمت کی اور اس وحشیانہ اقدام کو دنیا کی ایک چوتھائی آبادی کو نشانہ بنانے کے لئے ایک نفرت بھرا اقدام قرار دیا۔
واضح رہے کہ عراقی پناہ گزیں سلوان مومیکا نے اٹھائیس جون کو سوئیڈن کی پولیس کی حفاظت میں اسٹاک ہوم کی مسجد کے سامنے مسلمانوں کی مقدس آسمانی کتاب قرآن مجید کے نسخے کو نذر آتش کردیا تھا۔ اس گمراہ و جاہل و شرپسند و بیہودہ انسان نما جانور نے ایک بار پھر عراقی سفارت خانے کے سامنے اسٹاک ہوم میں ہی قرآن کریم اور عراقی پرچم کی بے حرمتی کی اور پیروں تلے روندا اور دین اسلام کے خلاف نعرے لگائے۔
واضح رہے کہ اکیس جولائی کو ڈینمارک میں بھی ایک انتہا پسند اور اسلام مخالف گروہ نے کوپن ہیگن میں عراقی سفارت خانے کے سامنے مسلمانوں کی مقدس آسمانی کتاب قرآن مجید کے نسخے کو نذر آتش کیا۔

ٹیگس