Oct ۰۶, ۲۰۲۳ ۱۷:۴۶ Asia/Tehran
  • دہشت گردانہ اقدامات کے پیچھےامریکی حمایت یافتہ دہشت گردوں کا ہاتھ ہے: شامی وزیر خارجہ

شام کے وزیر خارجہ فیصل مقداد نے ایران کے وزیر خارجہ کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو میں کہا ہے کہ دہشت گردانہ اقدامات کے پیچھے امریکی حمایت یافتہ دہشت گردوں کا ہاتھ ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: شام کے علاقے دیرالزور میں گذشتہ روز ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے جنازے میں بہت بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔

رپورٹ کے مطابق ایک سو کے قریب افراد جاں بحق ہوئے جن میں خواتین اور پانچ بچے بھی شامل ہيں جبکہ اس دہشت گردانہ حملے میں دوسو ستتر افراد زخمی بھی ہوئے ہيں جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے-

شام کی حکومت نے اس دہشت گردانہ اقدام کے بعد ملک میں تین روزہ عام سوگ کا اعلان کیا ہے-

درایں اثنا ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے شام کے وزیر خارجہ فیصل مقداد کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں اس دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شام کی حکومت ، فوج اور وام کو تعزیت پیش کی ہے اور جاں بحق والوں کے پسماندگان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد از جلد شفایابی کی دعا کی ہے-

شام کے وزیر خارجہ نے ایران کے وزیر خارجہ کی ٹیلیفونی گفتگو پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے صوبہ حمص کی فوجی اکیڈمی پر ڈرون طیارے کے ذریعے کئے گئے وحشیانہ حملے کے بارے میں تفصیلات بیان کیں - فیصل مقداد نے کہا کہ اس طرح کے دہشت گردانہ اقدامات کے پیچھے امریکی حمایت یافتہ دہشت گردوں کا ہاتھ ہے۔ فریقین نے اس گفتگو میں دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے مقصد سے عالمی برادری اور علاقے کے ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کے لئے، ٹھوس عزم و ارادے کی ضرورت پر تاکید کی-

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی اس دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے-

ناصر کنعانی نے شام کی حکومت، فوج، عوام، اور جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں اور پسماندگان کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے دہشت گرد گروہوں کے غیر ملکی حامیوں کواس المناک واقعےکا ذمہ دار ٹہرایا- انہوں نے بین الاقوامی اداروں بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریا پوری کرے-اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجاریک نے شام کے شہر حمص میں فوجی اکیڈمی پر ڈرون حملے کے بارے میں کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش کو حمص میں فوجی اکیڈمی پر ہونے والے ڈرون حملے پر بہت زیادہ تشویش ہے- دوجاریک نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے شام میں تمام پر تشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے فریقین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی بنیاد پر اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی آرزو کی ہے-

یاد رہے کہ دہشت گردوں نے جمعرات کو مغربی شام کے صوبے حمص میں ایک فوجی اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب پر ڈرون طیارے کے ذریعے حملہ کیا جس کے نتیجے میں تین سو سے زائد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔

ٹیگس