حماس کے ہاتھوں بچوں کا قتل، حماس کی طرف سے سخت تردید
اسلامی استقامتی تحریک حماس نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ حماس کے ہاتھوں بچوں کے قتل کا جھوٹا پروپیگنڈا مغربی ذرائع ابلاغ پھیلا رہے ہیں۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: حماس نے آج ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ حماس کے ہاتھوں بچوں کے قتل کرنے مبنی مغربی ذرائع ابلاغ کا پروپیگنڈا بالکل جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح مغربی ذرائع ابلاغ غزہ پر دن رات ہونے والی غاصب صیہونی حکومت کی فوج کی بمباری پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔
میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق حماس نے اسرائیل میں القسام بریگیڈ کے جوانوں کے ذریعہ بچوں کے قتل، ان کے سر قلم کرنے اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے کے مغربی ذرائع ابلاغ کے الزامات کی سختی کے ساتھ تردید کی ہے۔
حماس کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بعض مغربی ذرائع ابلاغ غیر پیشہ ورانہ طور پر ہماری فلسطینی قوم اور ان کی جد و جہد پر تہمت اور دروغ گوئی پر مبنی صیہونیوں کی باتوں کو پھیلا رہے ہیں۔
ادھر ایک اسرائیلی فوٹوجرنلسٹ اوزن زیو نے ان افواہوں کے جواب میں کہ "حماس نے ایک گاؤں میں اسرائیلی بچوں کے سر قلم کئے ہیں" کہا ہے کہ مجھے ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے جس سے ان افواہوں کی تصدیق ہوسکے۔" اوزن، زیو حماس اسرائیل جنگ کی کئی دن سے رپورٹنگ کر رہا ہے۔