Oct ۱۴, ۲۰۲۳ ۰۸:۴۱ Asia/Tehran

ہفتے کی صبح کو غزہ کے مختلف علاقوں پر صیہونی حکومت نے ہوائی اور توپخانے کے حملے کئے ہیں

سحرنیوز/عالم اسلام: صیہونی حکومت جو اب تک غزہ میں مزاحمتی قوتوں کی کارروائیاں روکنے میں ناکام رہی ہے اور اس کی نظر میں غزہ پر بمباری کے لئے کوئی معین اہداف بھی نہیں ہیں، ایسے میں وہ غزہ کے عام شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے-
فلسطین کی وزارت صحت نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں، صیہونی حکومت کی وحشیانہ بمباری میں چھ سو چودہ بچوں اور تین سو ستر عورتوں سمیت ایک ہزار نو سو فلسطینیوں کی شہادت کی خبر دی ہے-اس رپورٹ کے مطابق سات ہزار چھ سو چھیانوے فلسطینی، صیہونی حکومت کی جارحیت میں زخمی بھی ہوئے ہيں۔
موصولہ خبروں کے مطابق صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے الکرامہ ، بئر النعجہ ، الشجاعیہ ، دیر البلح ، اور خان یونس کے علاقوں پر بمباری کی ہے-
اس غاصب حکومت کے توپخانوں نے بھی غزہ کے مختلف علاقوں پر بھاری گولہ باری کی ہے- ان حملوں کے دوران متعدد رہائشی مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں اور زخمیوں اور شہدا کی لاشوں کو ملبے کے نیچے سے باہر نکالنے کا کام جاری ہے-
دوسری جانب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے مشرقی غزہ میں واقع بچوں کے ہسپتال شہید محمد الدرہ پر سفید فاسفورس بموں سے حملہ کیا ہے-
غزہ میں فلسطین کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے کہا ہے کہ غزہ ميں بچوں کے ہسپتال پر فاسفورس بموں سے حملے کے بعد اس ہسپتال کو خالی کرا لیا گيا ہے۔ اس سے قبل بھی غزہ کے مختلف علاقوں پر صیہونی حکومت نے فاسفورس بموں کے حملے کئے ہيں-

ٹیگس