Oct ۱۴, ۲۰۲۳ ۱۰:۵۱ Asia/Tehran
  • غزہ اور غرب اردن میں فلسطینی شہدا کی تعداد میں اضافہ

فلسطین کی وزرات صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے کی صبح سے جمعے کی شام تک غزہ پٹی اور مغربی کنارے میں تقریبا دو ہزار فلسطینی شہید اور آٹھ ہزار سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام: اناطولیہ خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی خود مختار انتظامیہ کی وزارت صحت نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں آیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کی صبح سے جمعے کی شام تک غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے فضائی حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد انیس سو ہوچکی ہے جن میں چھ سو چودہ بچے اور تین سو ستّر خواتین بھی شامل ہیں۔فلسطین کی وزارت صحت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی سرزمینوں میں تحریک حماس کے طوفان الاقصی آپریشن کے رد عمل کے طور پر صیہونی حکومت نے غزہ پٹی پر فضائی حملے کئے ہیں جن میں کم از کم سات ہزار چھ سو چھیانوے فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
فلسطین کی وزارت صحت نے ایک اور بیان میں کہا ہے کہ جمعے کے دن مقبوضہ بیت المقدس سمیت مغربی کنارے کے مختلف صوبوں میں صیہونی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں سولہ فلسطینی شہید ہوئے ہیں اور گزشتہ ہفتے کے دن سے اب تک مغربی کنارے میں شہید ہونے والوں کی تعداد اکیاون ہوگئی ہے۔
فلسطین کی ہلال احمر سوسائٹی نے بھی تائيد کی ہے کہ جمعے کے دن مغربی کنارے میں اس کے دو سو چھیانوے اہلکار زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ستانوے جنگی گولیوں سے اور انیس ربڑ کی گولیوں سے زخمی ہوئے ہیں۔ اس علاقے میں گزشتہ ہفتے سے اب تک نو سو ترپن افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ٹیگس