عرب حکمرانوں کو حزب اللہ کا انتباہ
حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سکریٹری جنرل کا کہنا ہے کہ مزاحمتی قوت مضبوط اور مستحکم پوزیشن میں ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے عرب حکمرانوں کو فلسطین کی حمایت میں ٹھوس موقف اختیار کرنے کی نصیحت کی اور کہا کہ عرب حکمرانوں کو یہ جان لینا چاہئے کہ صیہونی حکومت تمام عرب ممالک اور اقوام کو تباہ کرنا چاہتی ہے۔
حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے غزہ پٹی میں صیہونیوں کی بربریت پر امریکہ، فرانس، انگلینڈ اور جرمنی کی حمایت کی تنقید کی اور کہا کہ غاصب حکومت کے جرائم اور غزہ پٹی میں فلسطینیوں کی نسل کشی کی مکمل حمایت، حد سے بڑھ چکی ہے۔
شیخ نعیم قاسم نے مزید کہا کہ عرب حکمران جان لیں کہ مزاحمت مضبوط اور طاقتور ہے، انشاء اللہ فتح نصیب ہوگی اور وقت اس بات کو ثابت کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ عرب حکمرانوں کو یہ جان لینا چاہیے کہ اسرائیل انہیں اور ان کی قوموں کو کچلنے اور تباہ کرنے کے درپے ہے۔
حزب اللہ لبنان کے اس اہلکار نے عرب حکمرانوں سے کہا کہ یاد رکھیں اسرائیل کا سلوگن فرات سے نیل تک ہے، اس لیے ایک دوسروں کے ساتھ متحد ہو کر فیصلہ کن اقدام کریں اور اپنے عوام کے لئے اظہار رائے کی آزادی کا راستہ ہموار کریں۔
فلسطین اور بیت المقدس کی حمایت کا اعلان کریں اور یہ صیہونی غاصب حکومت کی بربریت کو شکست دینے کا موقع ہے۔