غزہ پر صیہونی فوجیوں کی وحشیانہ جارحیت جاری، 65 فلسطینی شہید اور 100 سے زائد زخمی
فلسطینی ذرائع نے جمعرات کی صبح کو ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ بدھ کے روز غزہ کے مختلف علاقوں پر صیہونی حکومت کے جارحانہ حملوں میں پینسٹھ فلسطینی شہید اور سو سے زائد زخمی ہوگئے-
سحرنیوز/عالم اسلام: غزہ کے مختلف علاقوں پر صیہونی حکومت کے جارحانہ حملوں میں پینسٹھ فلسطینی شہید اور سو سے زائد زخمی ہوگئے۔
فلسطین کی وزرات صحت کے ایک عہدیدار کے مطابق اسی تعداد میں شہداء کو شمالی غزہ کے انڈونیشین اسپتال پہنچایا گیا ہے۔
اسی رپورٹ میں کچھ گھنٹوں قبل غزہ میں دو رہائشی مکانات پر صیہونی حکومت کے حملوں کی خبر دی گئی ہے کہ جس کے نتیجے میں تیس فلسطینی شہید ہوگئے۔
یہ حملہ جبالیا کیمپ کے دو مکانات پر کیا گیا کہ جس کیمپ کو جارح صیہونی حکومت پہلے ہی وحشیانہ حملے کرکے تباہ کرچکی ہے۔
رپورٹوں کے مطابق جبالیا کیمپ کے البرعی خاندان کے گھر پر بمباری میں انیس فلسطینی بچے بھی شہید ہوئے ہيں۔
اسی طرح شہر غزہ کے کوی الصبرہ پر حملے میں آٹھ فسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی جنگی کشتیوں نے بھی النصیرات کیمپ کے شمال مغربی شہر الاسری کے اطراف کو نشانہ بنایا اور اسی وقت اسرائیلی طیاروں نے خان یونس میں مسجد الاقصی پر بھی بمباری کی ہے۔
دوسری جانب صیہونی حکومت کے توپخانے نے شمال مغربی غزہ کے علاقوں بیت لاہیا، جبالیا، تل الزعتر پر سنگین حملے کئے ہیں اور مغربی غزہ میں بھی الشاطی کیمپ کو توپخانے سے نشانہ بنایا ہے۔
اسی دوران اسرائیل کے بمبار طیاروں نے شمالی غزہ کی السکہ شاہراہ پر اور اسی طرح شہر رفح اور شفا ہسپتال کے اطراف کے علاقوں پر بمباری کی ہے۔
فلسطین کی وزارت صحت نے بھی اعلان کیا ہے کہ سات اکتوبر کو شروع ہونے والے طوفان الاقصی آپریشن کے آغاز سے اب تک دس ہزار سات سو فلسطینی، جارح اور سفاک صیہونی فوجیوں کے حملے میں شہید ہوئے ہيں۔